1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلم دی آرٹسٹ: ڈائریکٹر Hazanavicius معروف شخصیت بن گئے

16 دسمبر 2011

ابھی چند ہفتے قبل تک Michel Hazanavicius کو صرف امریکی فلموں کے انتہائی بڑے مداح ہی جانتے تھے۔ لیکن صورتحال اس وقت تبدیل ہو گئی جب اس فرانسیسی ڈائریکٹر کی ایک فلم کو گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/13UTm
تصویر: AP

فرانسیسی فلم ڈائریکٹر Michel Hazanavicius کو ہالی وڈ میں صرف فلموں کے پرستار ہی جانتے تھے، تاہم ان کی فلم دی آرٹسٹ کی گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے بعد اب وہ کافی جانی پہچانی شخصیت بن گئے ہیں۔ دی آرٹسٹ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم بڑے بڑے نامور فنکاروں کی فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے متعدد آسکر ایوارڈز جیت سکتی ہے۔ بالکل اسی طرح جس طرح 2008ء میں سلم ڈاگ میلینیئر پر آسکرز کی بارش ہوئی تھی۔

دی آرٹسٹ کو بیسٹ مزاحیہ اور میوزیکل فلم کے شعبوں میں گولڈن گلوب کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی فلم کے دونوں مرکزی کرداروں Jean Dujardin اور Berenice Bejo کے نام بھی گولڈن گلوب کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس فلم میں اداکاری کے جوہری دکھانے والے یہ دونوں اداکار بھی ابھی تک انگریزی فلموں کے شائقین کے لیے غیر معروف ہیں۔ Hazanavicius کی یہ فلم ڈائیلاگ کے بغیر یعنی ایک خاموش میلوڈی ڈرامہ ہے۔ یہ فلم بلیک اینڈ وائٹ ہے اور اس میں بہت ہی پرانی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ دو فلمی اداکاروں کے محبت میں گرفتار ہونے کی کہانی میں وہ دور دکھایا گیا ہے جب خاموش فلمیں دم توڑ رہی تھیں اور ان کی جگہ ڈائیلاگ والی فلمیں سینما گھروں کی زینت بن رہی تھیں۔

Filmstill The Artist
Hazanavicius کی یہ فلم ڈائیلاگ کے بغیر یعنی ایک خاموش میلوڈی ڈرامہ ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اس فلم کو تخلیق کرنے سے قبل ڈائریکٹر Hazanavicius نے کئی برسوں تک پرانے زمانے میں بنائی جانے والی فلموں پر تحقیق کی۔ وہ بتاتے ہیں کہ وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ پرانے وقتوں میں ہالی وڈ کی فلمیں کس طرح ڈائریکٹ کی جاتی تھیں اور ان میں کن باتوں کا خیال رکھا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دی آرٹسٹ ہالی وڈ کے لیے محبت کا پیغام ہے اور یہ خبر سن کر کہ دی آرٹسٹ کو گولڈن گلوب کے لیے نامزد کیا گیا ہے انہیں بے انتہا مسرت ہوئی۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں