1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائنی باغیوں کے خلاف جنگ، فیس بک کے ذریعے

8 اپریل 2011

فلپائن میں دائیں بازو کے باغیوں کو فیس بک اور انٹر نیٹ کے ذریعے شکست دی جا رہی ہے۔ باغیوں میں شامل یا ان کے حامی نوجوان حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی بجائے انٹرنیٹ کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10pnY
تصویر: AP

اعلیٰ مذاکرات کار ایلکس پاڈیا نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی مدد سے یونیورسٹی کے طالب علموں کو باغیوں سے دور کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسکولوں میں داخلہ لینے والے بچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

رواں برس فلپائن کے نئے صدر Benigno Aquino نے ماؤ نواز باغیوں کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ فلپائن کی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات بحال کرنے میں ناروے نے بنیادی کردار ادا کیا۔ فلپائنی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات گزشتہ سات برسوں سے جمود کا شکار تھے۔ صدر اکینو کے مطابق باغیوں کے ساتھ امن مذاکرات جاری ہیں اور آئندہ 18 ماہ میں ایک امن معاہدہ بھی طے پا سکتا ہے۔

Friedensgespräche Philippinen Regierung und kommunistische Rebellen in Oslo
ناروے میں مذاکرات کے دوران لی گئی ایک تصویرتصویر: picture alliance/dpa

اعلیٰ مذاکرات کار پاڈیا کا کہنا ہے، ’’نئی نسل میں پرانے خیالات کی کمی ہے۔ باغی نئی نسل کے ذہنوں میں پرانے خیالات کے پودے لگانے میں ناکام رہے ہیں۔‘‘

پاڈیا کا کہنا ہے کہ یہ بات بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ باغیوں کے زیادہ تر لیڈروں کی عمریں 70 سال سے زائد ہو چکی ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’اب وہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے نوجوانوں کو بھرتی کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ فلپائن کی 94 ملین کی آبادی میں سے باغیوں کی حمایت تین ملین سے بھی کم افراد کرتے ہیں۔

اس بارے میں اعلیٰ مذاکراتی نمائندے پاڈیا کا مزید کہنا ہے، ’’میرے خیال میں فیس بک نے اس تبدیلی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ نوجوان نسل اب ایسے نہیں سوچتی، جیسے 30 بر س پہلے سوچا جاتا تھا۔‘‘

ان کا کہنا ہے کہ حکومت اب بھی یہی خیال کرتی ہے کہ امن مذاکرات کے عمل کو تیز کیا جانا چاہیے تاکہ ملک میں مزید خون خرابے سے بچا جا سکے۔

باغیوں نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے پہلے یہ شرط رکھی تھی کہ ان کی تنظیم کا نام کالعدم گروپوں کی فہرست سے خارج کر دیا جائے۔

فلپائن میں چالیس سال سے جاری ماؤ نواز باغیوں کی علیحدگی پسندی کی مسلح تحریک میں اب تک کم از کم بھی 25 ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک