1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن: لینڈ سلائیڈنگ سے 168 افراد ہلاک

9 اکتوبر 2009

فلپائن کے شمال میں واقع پہاڑی سلسلے میں کئی دن سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے 168 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/K2oN
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق فلپائن کے صوبہ پنگیسینن میں ہزاروں افراد اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں، کیونکہ ان گھروں کے اطراف موسلا دھار بارش سے پہاڑوں کے ٹکرے اور مٹی کے تودے گرے پڑے ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں کے دریائیوں میں سیلاب آگیا ہے جس کا پانی سڑکوں اور شاہراہوں پر کھڑا ہوگیا ہے۔

BdT Philippinen Wetter Taifun in Manila
تصویر: AP

دوسری طرف فلپائن ہی کے ایک اور صوبے بین گوئی کے علاقے لا ٹرینی ڈاڈ میں جمعہ کی صبح 32 سے زائد مکانات پہاڑوں کے ملبے تلے دب گئے۔ صوبائی گورنر کے مطابق جب ایک پہاڑ کے ٹکڑے ان مکانات پر گرے تو وہاں کے رہائشی سو رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں خبر ہی نہ ہوسکی اور یوں وہ ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔

گورنر نے کہا کہ ان کے صوبے ابطان نامی علاقے میں 10 مکانات ملبے تلے دب گئے، جس میں 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی صوبے کے اور بھی کچھ علاقوں میں اسی طرح درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ صوبائی پولیس حکام کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے کیونکہ ابھی بھی درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ راستے بند ہونے کے باعث امدادی کاموں میں تاخیر بھی ہو رہی ہے۔

سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے کارکنان لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی مدد کے لئے کچھ امریکی دستے بھی وہاں تعینات کئے گئے ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: کشور مصطفٰی