1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فن لینڈ کے خلاف میچ، جرمن ٹیم میں پانچ تبدیلیاں

13 اکتوبر 2009

جرمنی کی فٹبال ٹیم میں ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری میچ میں پانچ تبدیلیاں کی جائیں گی۔ جرمنی کی ٹیم یہ میچ فن لینڈ کے خلاف بدھ کو ہیمبرگ میں کھیلے گی۔

https://p.dw.com/p/K5Io
جرمن ٹیم کے ہیڈ کوچ یوآخیم لوؤتصویر: AP

جرمن ٹیم کے ہیڈ کوچ یوآخیم لوؤ نے کہا کہ ان کھلاڑیوں میں ششٹ گارٹ کے اسٹرائیکر جیرونیمو ککّاؤ، ہوفن ہائم کے آندریاس بیک، برلن کے آغنے فریدرش اور ہیمبرگ کے ٹوماس ہٹسلز پارگا اور پیاترے تروخوسکی شامل ہیں۔ لوؤنے کہا کہ جرمن ٹیم کے کپتان مائیکل بالاک صرف ہاف ٹائم تک کھیلیں گے، جس کے بعد ان کی جگہ وولفسبرگ کے کرسٹیان گینتنر لے لیں گے۔

Flash-Galerie Russland Deutschland
جرمن ٹیم کے کھلاڑیوں کا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں روس کے خلاف کامیابی پر خوشی کا اطہارتصویر: AP

لوؤ نے کہا کہ جرمن گول کیپر ٹیم رینے ایڈلر میں اپنی جگہ پر برقرار رہیں گے، تاہم ٹیم میں شامل متبادل گول کیپروں کو اس سال کے دوستانہ میچوں کے دوران اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے مواقع دیئے جائیں گے۔ انہوں نےمزید کہا کہ ہنوّر کے روبرٹ اینکے کو اس سال ٹیم میں کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا جاسکتا۔ اینکے گزشتہ دنوں انفیکشن کے باعث بیمار ہوگئے تھے، تاہم اس ہفتے اپنی صحتیابی کے بعد انہوں نے دوبارہ ٹریننگ شروع کردی ہے۔

جرمن ٹیم کے کوچ نے کہا ’’بدھ کے میچ سے قبل ٹیم میں مزید ایک دو تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔‘‘ لوؤ فن لینڈ کے خلاف میچ کو نئے کھلاڑیوں کے لئے اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے ایک اہم موقع سے تعبیر کرتے ہیں۔

اس سے قبل جرمن ٹیم کا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں گزشتہ ہفتہ کے روز روس سے مقابلہ ہوا تھا، جس میں جرمنی نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کرلی تھی۔ روس کے خلاف کامیابی کے بعد جرمنی نےاگلے برس جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کر لیا تھا۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عدنان اسحاق