1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوجی بغاوت کا کوئی امکان نہیں، گیلانی

2 نومبر 2010

پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملک میں وسط مدتی انتخابات کے انعقاد یا کسی فوجی بغاوت کے تمام تر امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔

https://p.dw.com/p/Pw8O
پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: Abdul Sabooh

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آج منگل کو ملکی پارلیمان کے ایوان زیریں سے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر ایسی تمام افواہوں اور مبینہ امکانات کی تردید کی کہ ان کی قیادت میں موجودہ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر سکے گی۔ گیلانی نے ارکان پارلیمان کو بتایا کہ ان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور اس کے خلاف کوئی بھی ممکنہ سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

یوسف رضا گیلانی کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے، جب پاکستانی ذارئع ابلاغ میں ایسی خبریں مسلسل گردش میں ہیں کہ صدر آصف علی زرداری کی دوسری مدت صدارت سے قبل ہی اپوزیشن جماعتیں ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کا مطالبہ کر سکتی ہیں۔ آصف علی زرداری کی موجودہ مدت صدارت 2013ء میں پوری ہو گی۔

Pakistan Präsident Asif Ali Zardari
آصف علی زرداری کی موجودہ مدت صدارت 2013ء میں پوری ہو گیتصویر: AP

پارلیمان سے اپنے خطاب میں پاکستانی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ملکی فوج جمہوری اقدار کا احترام کرتی ہے اور اس کی طرف سے کسی بغاوت یا مارشل لاء کے نفاذ کی کسی کاوش کی کوئی توقع نہیں۔ پاکستان میں اگرچہ موجودہ حکمران اتحاد کی عوامی مقبولیت میں کچھ کمی ہوئی ہے تاہم اسے اب بھی لازمی پارلیمانی اکثریت حاصل ہے۔

اس سے قبل بھی یوسف رضا گیلانی نے کہا تھا کہ اگرچہ حکمران اتحاد کو کچھ سیاسی چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ان کی حکومت اپنی مقررہ مدت پوری نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ پنجاب کی اہم سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کےساتھ مصالحت کی کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

پاکستانی وزیر اعظم کے بقول ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی سے متعلق اپنے تمام تر وعدے وفا کئے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی حکومت اپنی اسی حکمت عملی پر کاربند رہے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں