1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال ورلڈ کپ کی گرما گرمی کا آغاز

20 نومبر 2009

اگلے سال جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی مقابلوں میں شریک ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا اور ان بتیس ممالک میں خوشیاں بھی منائی جارہی ہیں البتہ ناکام رہنے والے ممالک کا غم و غصہ تاحال ٹھنڈا نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/KbWR
جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا میزبانی ملنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوے فائل فوٹوتصویر: AP

آئرلینڈ کا معاملہ اس ضمن میں سرفہرست ہے جو ان دنوں دنیا بھر کے شائقین فٹبال کے لئے موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ یورپ میں کوالیفائنگ راونڈ کے آخری مرحلے میں فرانس سے متنازعہ شکست کے بعد عالمی مقابلے سے باہر ہونے والے ملک، آئرلینڈ نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانس کے ساتھ اس کا کوالیفائنگ میچ دوبارہ منعقد کروایا جائے۔

فٹبال ایسوسی ایشن آئرلینڈ کے مطابق اضافی وقت میں فرانسیسی کپتان تھری ہنری کی جانب سے ہینڈلڈ بال کی مدد سے ان کے ساتھی کھلاڑی گالاس کے کئے گئے متنازعہ گول نے اس عظیم کھیل کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ آئرش حکام اس معاملے کو ملکی پارلیمان میں بھی لے جانا چاہتے ہیں جبکہ ملک بھر کےمیڈیا میں اس کی بازگشت نے دنیا بھر کو اس جانب متوجہ کررکھا ہے۔

Thierry Henry, Frankreich, WM 2006
فرانسیسی کپتان تھینری ہنریتصویر: dpa

سال دوہزار پانچ میں ازبکستان اور بحرین کے درمیان دوبارہ منعقدہ کوالیفائنگ مقابلے کو دلیل بناکر آئرش حکام نے یہ موقف اپنایا ہے کہ وہ متنازعہ میچ کے دوبارہ انعقاد کا مطالبہ کرکے کوئی نئی بات یا غیر معقول مطالبہ نہیں کررہے۔

کوالیفائنگ مقابلے کے دوبارہ انعقاد کے لئے البتہ دونوں ممالک کی باہمی رضامندی ضروری ہے۔ فرانس کی آئرلینڈ کے مقابلے میں دو صفر کی اس متنازعہ جیت پر فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے آئرلینڈ سے معافی مانگی ہے۔ سارکوزی نے البتہ میچ کے دوبارہ انعقاد کے لئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرنے سے معذرت کرتے ہوے یہ کہا ہے کہ وہ صدر ہیں اور صدر ہی رہنا چاہتے ہیں فٹبال انتظامیہ کے عہدیدار نہیں۔

ایسی ہی پرجوش، غم اور غصے سے بھری فضاء مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بھی چھائی ہوئی ہے جو الجیریا کے خلاف اپنی ٹیم کی شکست اور مصری تماشائیوں کے خلاف مبینہ تشدد پر الجیریا اور میزبان ملک سوڈان سے ناراض ہے۔ قاہرہ میں الجیریا کے پرچم جلائے گئے، الجیریا کے سفارتخانے کے باہر نعرے بازی کی گئی اور مصری حکام نے الجیریا سے اپنے سفیر کو بھی بطور احتجاج واپس بلالیا ہے۔

WM 2006 Finale Italien Frankreich Jubel mit Pokal
اطالوی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گیتصویر: AP

الجیریا نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں کھیلے گئے افریقی ممالک کے کوالیفائنگ مرحلے کے اہم میچ میں مصر کو دو کے مقابلے میں صفر سے شکست دے کر چودہ سال بعد عالمی مقابلوں میں اپنی جگہ بنائی۔

ان دو ممالک کا معاملہ بھی سربراہان مملکت تک پہنچ چکا ہے، مصری صدر حسنی مبارک نے اپنے وزیر خارجہ سے کہا ہے کہ وہ الجیریائی حکام پر زور دیں کہ وہ مصری شائقین فٹبال کے ساتھ ہوے واقعے کی ذمہ داری قبول کریں۔ مقابلے کے میزبان ملک سوڈان نے البتہ معاملہ ٹھنڈا کرنے کے لئے مصری حکام پر واضح کیا ہے کہ مصری میڈیا نے ان کی بہترین میزبانی کی تعریف کرنے کے بجائے ایک چھوٹے حادثے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے۔

فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز گیارہ جون سے جنوبی افریقہ میں ہورہا ہے۔

رپورٹ : شادی خان سیف