1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: ایشیا کپ میں عراق کی فتح

30 جولائی 2007

جکارتہ میں، جہاں ایشیا فٹ بال کپ کا فائنل کھیلا گیا، عراق کی ٹیم نے سعودی عرب کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ اِس تاریخی کامیابی نے کم از کم کچھ گھنٹوں کے لئے شیعہ اور سنی میں منقسم عراقی قوم کو ایک بار پھر متحد کر دیا اور ہزاروں عراقیوں نے اپنی قومی فٹ بال ٹیم کی اِس فتح کا جشن منایا۔

https://p.dw.com/p/DYMj
عراقی باشندے اپنی قومی ٹیم کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے
عراقی باشندے اپنی قومی ٹیم کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئےتصویر: AP

سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے خلاف کامیابی پر بھی عراقی باشندوں نے اِسی طرح جشن منایا تھا اور تب دو کار بم دھماکوں میں پچاس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔فائنل میں کامیابی پر بھی ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کی طرف سے پابندی کے باوجود ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ تاہم اِسی فائرنگ کی زَد میں آ کر مختلف مقامات پر سات افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہو گئے۔

واحد فیصلہ کن گول ٹیم کے کپتان یونس محمود نے 71 ویں منٹ میں کیا۔ تاہم محمود اِس بات پر افسردہ بھی تھے کہ وہ اپنے وطن میں کھلے عام ایشیا کپ کی ٹرافی نہیں دکھا سکتے کیونکہ اُن کے بقول کوئی بھی آ کر جان سے مار سکتا ہے۔