1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال عالمی کپ : گروپس کے لئے ٹیموں کی قرعہ اندازی

4 دسمبر 2009

جنوبی افریقہ میں سن دو ہزار دس میں کھیلے جانے والے فٹ بال عالمی کپ کے لئے آٹھ گروپوں کے لئے ٹیموں کے چناؤ کا اعلان آج چار دسمبر کو کیپ ٹاؤن میں فیفا کی خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/KpGe

اگلے سال کے فٹ بال عالمی کپ کے لئے بہترین آٹھ ٹیموں کی سیڈڈ (Seeded) فہرست جاری کردی گئی ہے جو اُن بتیس ٹیموں میں شامل ہیں جو عالمی کپ میں شرکت کے لئے کوالیفائی کر کے پہنچی ہیں۔ اب اِن تمام ٹیموں کو چار حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں سے ایک ٹیم ورلڈ کپ کے لئے ایک گروپ مکمل کرے گی۔ ورلڈ کپ میں کل آٹھ گروپ ہیں جو انگریزی حروف تہجی اے سے لیکر ایچ تک ہیں۔

ورلڈ کپ کے لئے جن آٹھ ٹیموں کو اُن کی عالمی درجہ بندی کے تناظر میں یہ مقام دیا گیا ہے ان میں جرمنی بھی شامل ہے۔ یہ درجہ بندی اکتوبر تک اِن ٹیموں کی مجموعی کارکردگی کے تناظر میں طے کی گئی ہے۔ فرانس البتہ اِس فہرست سے خارج ہو گیا ہے۔ برطانوی ٹیم کے لئے اچھی خبر ہے کہ وہ اب ایک Seeded ٹیم ہے۔ اگلے سال کے ورلڈ کپ کے لئے برازیل کو پہلی اور سپین کو دوسری پوزیشن دی گئی ہے۔ دوسری جانب عالمی مبصرین کے خیال میں اگلے سال کے عالمی کپ کے لئے موجودہ کارکردگی کے تناظر میں برازیل اور سپین کو فیورٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔ اُن کے خیال میں یہ حتمی نہیں ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کا ٹورنامنٹ افریقی براعظم کے گرم موسم میں مشکلات کا باعث ہو سکتا ہے۔

Atlantis The Palm Charlize Theron
جمعہ کہ روز ہونے والی تقریب کی ایک میزبان، شارلیز تھیئرنتصویر: AP

اِس طرح میزبان جنوبی افریقہ بھی سیڈڈ (Seeded) ٹیموں کی فہرست میں شامل ہے۔ فٹ بال کھیل کے نگران عالمی ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ عالمی کپ کے گروپ اے کی ٹیم قرار دی گئی ہے۔ اِن سیڈڈ (Seeded) ٹیموں میں ارجنٹائن، ہالینڈ اوردفاعی چیمپیئن اٹلی بھی شامل ہیں۔ یہ تمام ٹیمیں پوٹ نمبر ایک میں رکھی گئی ہیں اور بقیہ چوبیس ٹیمیں مزید اپنے اپنے گروپس کے تناظر میں تین حصوں میں تقسیم ہیں۔ اِن تمام گروپوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

پوٹ نمبر ایک:

میزبان جنوبی افریقہ، برازیل، سپین، ہالینڈ، اٹلی، جرمنی، ارجنٹائین اور انگلینڈ

پوٹ نمبر دو:

اِس گروپ میں ایشیا اور شمالی اور وسطی امریکی ملکوں کی ٹیمیں شامل ہیں:

جاپان، جنوبی کوریا، شمالی کوریا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، امریکہ، میکسیکو اور ہونڈارس

پوٹ نمبر تین:

افریقہ اور جنوبی امریکہ کی ٹیمیں اِس گروپ میں رکھی گئی ہیں:

آئیوری کوسٹ، گھانا، کیمرون، نائجیریا، الجیریا،پیراگوئے، چلی اور یوراگوئے

پوٹ نمبر چار:

یورپ سے کوالیفائی ہونے ٹیمیں اِس گروپ میں شامل ہیں، اِس گروپ میں سیڈڈ (Seeded) ٹیمیں شامل نہیں ہیں:

فرانس، پرتگال، سلووینہ، سوئٹزر لینڈ، یونان، سیربیا، ڈنمارک اور سلوواکیہ

اِن تمام گروپوں سے ایک ایک ٹیم نکالی جائے گی اور قرعہ اندازی کے عمل سے ورلڈ کپ کے آٹھ گروپ بنائے جائیں گے۔ ہر گروپ کی چاروں ٹیمیں آپس میں ایک دوسرے سے کھیلیں گی اور ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہوں گی۔ پری کوارٹر فائنل مرحلہ ناک آؤٹ مرحلہ ہے یعنی جو ٹیم ہار گئی وہ ورلڈ کپ سے باہر اور صرف جیتنے والی دو ٹیمیں ہی پہلے کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل مرحلے سے گزر کر فائنل میں پہنچیں گی۔ فٹ بال کا عالمی کپ اگلے سال گیارہ جون سے گیارہ جولائی تک کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ کے ڈراز کے لئے آسکر ایوارڈ یافتہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت کی اداکارہ شارلیز تھیئرن اور فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا کے جنرل سیکریٹری جیروم فالکے میزبانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ