1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بُک بھارت میں نمبر وَن

26 اگست 2010

انفارمیشن اور ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس لوگوں کے مابین نئے پُل تعمیر کر رہی ہیں۔ بھارت میں فیس بُک نے آرکٹ کو سماجی نیٹ ورکنگ کی دوڑ میں پیچھے دھکیلتے ہوئے نمبر ایک پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/Owol
فیس بُک بھارت میں نمبر وَنتصویر: picture alliance/dpa

ایک تازہ جائزے کے نتائج کے مطابق فیس بُک نے بھارت میں رواں سال جولائی میں یہ ریس جیت لی۔ امریکہ میں قائم عالمی تحقیقی فرم ’کام سکور‘ کے مطابق فیس بُک نے گوگل کے زیر انتظام سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ آرکٹ کو اب پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس جائزے کے مطابق بھارت میں جولائی میں فیس بُک کا استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً 21 ملین تھی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ ’کام سکور‘ کے مطابق جولائی میں بھارت میں آرکٹ کے یوزرز کی تعداد تقریباً 20 ملین تھی۔

Werbeoffensive im Web 2.0 facebook Deutschland Internet Werbung Datenschutz
آئندہ چند برسوں میں فیس بُک نیٹ ورکنگ ریس میں تمام دیگر سائٹس کے مقابلے میں بہت آگے نکل سکتی ہےتصویر: AP

آج کل پوری دنیا میں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کا استعمال کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے آئندہ چند برسوں میں فیس بُک نیٹ ورکنگ ریس میں تمام دیگر سائٹس کے مقابلے میں بہت آگے نکل جائے گی۔

’کام سکور‘ ریسرچ فرم کے ایگزیکٹیو ول ہاجمین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نیٹ ورکنگ سائٹس کے لئے بہت بڑی مارکیٹ ہے۔’’سوشل نیٹ ورکنگ کا رجحان دنیا بھر میں بڑھتا جا رہا ہے اور بھارت اس سلسلے میں تیزی سے ترقی کرنے والے مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔‘‘

فیس بُک کے منتظمین نے رواں برس مارچ میں کہا تھا کہ وہ اپنا دفتر جنوبی بھارتی شہر حیدر آباد میں کھولیں گے۔ حیدر آباد میں انفارمیشن اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی دھوم مچی ہے اور اسی لئے یہ شہر’سائبر آباد‘ کے نام سے بھی مشہور ہے۔

فیس بُک یوزرز کا ستر فیصد امریکہ سے باہر ہے اور اس وقت یہ سماجی ویب سائٹ ستر مختلف زبانوں میں لوگوں کے لئے دستیاب ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی/خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں