1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بُک کا 12 ویں سالگرہ پر صارفین کے لیے تحفہ

افسر اعوان4 فروری 2016

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بُک آج اپنی بارہویں سالگرہ منا رہی ہے۔ اس موقع پر اس ویب سائٹ کی طرف سے اپنے 1.6 بلین صارفین کو ایک خوشگوار تحفہ دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hpl6
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Chiu

یہ تحفہ دراصل ’فرینڈ شپ کولاژ‘ ہے جو ایک ویڈیو کی شکل میں ہے۔ اس ویڈیو پریزنٹیشن میں آپ کے دوستوں اور خاندان کے لوگوں کی ایسی تصاویر کو شامل کیا گیا ہے، جو فیس بُک پر پوسٹ کی ہوئی ہیں۔

اس کے علاوہ آپ کی تصاویر اور خاص طور پر آپ کی سالگرہ کے موقع پر دوستوں کی طرف سے دیے گئے پیغامات کو بھی اس ویڈیو کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس پریزنٹیشن کی تیاری کے لیے آٹومیٹڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے یعنی خاص طور پر تیار کردہ پروگرام خودکار طریقے سے تصاویر کا انتخاب کرتا ہے۔ تاہم فیس بُک صارف ان میں سے بعض تصاویر کو ہٹا کر ان کی جگہ دوسری تصاویر بھی منتخب کر سکتا ہے۔

آج چار فروری 2016ء کو فیس بُک کی طرف سے تیار کردہ اس ویڈیو پریزنٹیشن کو اُس وقت تک کوئی دوسرا فرد نہیں دیکھ سکتا جب تک آپ اسے اپنے پیج پر شیئر کرنے کی اجازت نہ دے دیں اور یہ کام پریزنٹیشن پر نیچے کی جانب ایک بٹن دبا کر کیا جا سکتا ہے۔

فیس بُک کے زیادہ تر صارفین کے لیے یہ ویڈیو آج دوپہر سے ان کے پیچ پر ’فیڈز‘ کے حصے میں سرفہرست دیکھی جا سکتی ہے۔ کیلیفورنیا میں قائم اس کمپنی نے اپنے آغاز کے دن کی مناسبت کے لحاظ سے اس ویڈیو پریزنٹیشن کو ’فرینڈز ڈے‘ کا نام دیا ہے۔

فیس بُک کے بانی مارک سکر برگ نے 12 برس قبل آج ہی کے دن یعنی چار فروری کو اس سوشل نیٹ ورک کا آغاز کیا تھا
فیس بُک کے بانی مارک سکر برگ نے 12 برس قبل آج ہی کے دن یعنی چار فروری کو اس سوشل نیٹ ورک کا آغاز کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/O. Berg

فیس بُک کے بانی مارک سکر برگ نے دراصل 12 برس قبل آج ہی کے دن یعنی چار فروری کو اس سوشل نیٹ ورک کا آغاز کیا تھا۔ فیس بُک کے آغاز کی کہانی بھی بڑی دلچسپ ہے۔ مارک سکر برگ اُس وقت ہارورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے جب انہوں نے اس نیٹ ورک کا آغاز کیا۔ اس کا نام بھی یونیورسٹی طلبہ کو دی جانے والی ڈائریکٹریوں کے نام پر رکھا گیا جنہیں فیس بُک ڈائریکٹری ہی کہا جاتا ہے۔

ابتدا میں اسے صرف ہارورڈ یونیورسٹی کے طالب علموں کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ بعد ازاں بوسٹن کے علاقے کے دیگر کالجوں اور یونیورسٹیز کے طلبہ تک بھی اس کی رسائی ممکن بنا دی گئی۔ تاہم 2006ء کے بعد سے اس سوشل نیٹ ورک ویب سائٹ کا رُکن ہر وہ شخص بن سکتا ہے جس کی عمر 13 برس سے زائد ہے۔