1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک پر ای میل پتے چرانے کا الزام

8 جولائی 2010

سماجی میل ملاپ، رابطے اور تفریح کی امریکی ویب سائٹ فیس بک کو جرمن قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/ODfe
تصویر: AP

فیس بک پر الزام ہے وہ ایسے شہریوں کے ای میل پتوں کی جانچ کر کے اپنے پاس جمع کر رہا تھا، جنہوں نے فیس بک پر اپنا اندراج نہیں کروا رکھا۔

جرمن ریاست ہیمبرگ میں پرائیویسی کمشنر یوہانس کاسپر نے فیس بک کو گیارہ اگست تک اس نوٹس کا جواب دینے کے لئے کہا ہے۔ امریکی ادارے فیس بک نے تصدیق کر دی ہے کہ اُسے یہ قانونی نوٹس موصول ہو گیا ہے اور وہ اب اس کی جانچ پڑتال میں مصروف ہے۔

Facebook
فیس بک پر آنے والے نئے صارفین کی تعداد اتنی تیزی سے نہیں بڑھ رہی، جتنی پہلے بڑھ رہی تھیتصویر: AP

فیس بک کے متعلق کہا جاتا ہے کہ یہ ویب سائٹ صارفین کے ذاتی کمپیوٹر سے ای میل ایڈریسز کا کھوج لگا کر بعد میں انہیں فیس بک پر اکاؤنٹ کھولنے کی دعوت بھیجتا ہے۔ کاسپر کے بقول ’’معلومات کے تحفظ کے قانون کے تحت اس طرح کسی تیسرے فریق کے بارے میں معلومات حاصل کرنا غیر قانونی ہے‘‘۔

ان کا کہنا ہے کہ جرمن قوانین کا اطلاق غیر ملکی اداروں پر بھی اتنا ہی ہوتا ہے جتنا کہ ملکی اداروں پر:’’ کسی ادارے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ صارفین کی معلومات اپنے پاس جمع کر کے رکھے اور پھر اس کا تجارتی استعمال کرے۔‘‘ فیس بک کے ’فرینڈ فائنڈنگ‘‘ آپشن کو بعض دیگر ممالک میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب اگر دیکھا جائے تو اس امریکی ویب سائٹ کا جادو نہ صرف دنیا کے دیگر خطوں میں سر چڑھ کر بول رہا ہے بلکہ امریکی بھی اس کے سحر میں اتنے ہی مبتلا ہیں۔ لائٹ سپیڈ میڈیا نامی ادارے کی ایک حالیہ تحقیق کے تحت منعقدہ جائزے کے مطابق تیس فیصد سے زائد نوجوان امریکی لڑکیاں صبح سویرےسب سے پہلے فیس بک کا استعمال کرتی ہیں۔

teenager works on a computer INTERNETNUTZUNG JUGENDLICHE Symbolbild
تیس فیصد سے زائد نوجوان امریکی لڑکیاں صبح سویرےسب سے پہلے فیس بک کا استعمال کرتی ہیںتصویر: PIcture-alliance / dpa

ایسے نوجوانوں کی شرح پچیس فیصد سے بھی زائد ہے، جو رات کو اٹھ کر فیس بک دیکھتے ہیں۔ فیس بک استعمال کرنے والے اٹھارہ سے چون سال تک کے صارفین میں سے اکتیس فیصد نے خود کو ’’فیس بک کے عادی‘‘ قرار دیا ہے۔

فیس بک کے اپنے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران اس ویب سائٹ کو سرگرمی سے استعمال کرنے والے نئے امریکی صارفین کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ رہی۔ ادارے کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے سے فیس بک پر آنے والے نئے صارفین کی تعداد اتنی تیزی سے نہیں بڑھ رہی، جتنی پہلے بڑھ رہی تھی۔ فیس بک کے انتظامی ذرائع کے مطابق ہو سکتا ہے کہ اس کی وجہ صارفین میں پرائیوسی سے جڑے تحفظات ہوں، جن میں سے کچھ حقیقی ہیں، باقی افواہیں اور سنسنی پر مبنی باتیں ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں