1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیصل شہزاد پر باضابطہ فردجرم عائد

18 جون 2010

پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد پر بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش اور دہشت گردی کے الزمات کے تحت باضابطہ طور پرفردجرم عائد کردی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Nu6R
تصویر: AP

شہزاد پرالزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ نیویارک کے ٹائمز سکوائر کے مقام پرایک کار بم دھماکہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

فیصل شہزاد، تین مئی کو جے ایف کے ایئر پورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا، جب وہ مبینہ طور پر دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ جمعرات کو امریکہ کی ایک وفاقی جیوری نے فیصل شہزاد پر کل دس الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی۔ جیوری کے مطابق شہزاد کا تعلق پاکستانی طالبان سے ہےاوراس نے پاکستانی قبائلی علاقے وزیرستان میں بم بنانے کی تربیت حاصل کی۔

Eric Holder Bildergalerie Kabinett
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈرتصویر: AP

امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے کہا: ’’فرد جرم کے مطابق پاکستانی طالبان نے فیصل شہزاد کی مدد کی تاکہ وہ امریکہ پر حملہ کر سکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کوششوں سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی عوام کو دہشت گردی کا مسلسل خطرہ ہے اوراس خطرے کو ختم کرنے کے لئے واشنگٹن حکومت ہر ممکن وسیلہ بروئے کارلائے گی۔

اگر فیصل شہزاد پریہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اسے عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ شہزاد اپنی گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر یہ اعتراف کرچکا ہے کہ اس نے پاکستانی قبائلی علاقے وزیرستان میں بم بنانے کی تربیت حاصل کرکے ٹائمز سکوائر میں کار بم دھماکے کی کوشش کی تھی۔

امریکی دفتراستغاثہ کا کہنا ہے کہ تیس سالہ فیصل شہزاد ان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

رپورٹ :عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں