1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: برازیل کا میچ آج

15 جون 2010

فٹ بال ورلڈ کپ میں گزشتہ روز جاپان اور ہالینڈ کی ٹیموں نے میچ جیتے اور دفاعی چیمپیئن اٹلی میچ برابر رکھنے میں کامیاب رہا۔آج منگل کو پانچ بار عالمی چیمپیئن بننے والی برازیلی ٹیم اپنا میچ شمالی کوریا کے خلاف کھیلے گی۔

https://p.dw.com/p/NqmX
جاپان کیمرون کے میچ کا منظرتصویر: AP

جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں میں اہم یورپی ٹیموں کی کارکردگی بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ گزشتہ روز جاپانی ٹیم نے افریقی ملک کیمرون کو ایک گول سے ہرا دیا۔ مضبوط یورپی ٹیم ہالینڈ نے ایک اور اہم یورپی ملک ڈنمارک کی ٹیم کو دو گولوں سے شکست دی۔ دفاعی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم جنوبی امریکی ملک پیراگوئے کے خلاف بمشکل میچ برابر رکھنے میں کامیاب ہوئی۔

پیراگوئے بمقابلہ اٹلی

فٹ بال ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم کا اس بار کے ورلڈ کپ میں کوئی حوصلہ افزاء آغاز نہیں ہوا۔ لاطینی امریکہ کے ملک پیراگوئے نے پیر کو کھیلے جانے والے آخری یعنی شیڈیول تیسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن کو گروپ ایف کے اہم میچ میں مکمل طور پر باندھ رکھا تھا۔ پہلے ہاف کے انتالیسویں منٹ میں انتولین الکراز (Antolin Alcaraz ) نے گیند کو سر سے گول پوسٹ میں پھینک دیا۔ پہلے ہاف کے دوران اٹلی کی ٹیم کی میچ کو برابر کرنے کی کوششیں بارآور ثابت نہ ہوئیں۔ اٹلی کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے چند اہم موقع ضائع بھی کئے۔ میچ کے دوسرے ہاف کے 63 ویں منٹ میں اطالوی کھلاڑی ڈینئیل ڈی راسی نے کارنر کک کو گول میں تبدیل کردیا۔ میچ میں اطالوی ٹیم نے مجموعی طور پر عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کئی خوبصورت مووز ضرور بنائیں لیکن پیراگوئے کا دفاع اُتنا ہی بہتر رہا۔ سب سے اچھی بات پیراگوئے کا صاف دفاع تھا جس میں کم سے کم فاؤل کرنے کی کوششں قابلِ تعریف تھی۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا ہے۔

NO FLASH Süd Afrika WM 2010 Niederlande gegen Dänemark
ڈنمارک اور ہالینڈ کے کھلاڑی گیند پر کنٹرول کرنے کی کوشش میںتصویر: AP

ہالینڈ بمقابلہ ڈنمارک

جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں تین میدان ایسے ہیں جو سطح سمندر سے خاصے بلند ہیں اور اس کا اثر یورپی کھلاڑیوں پر دیکھا جا رہا ہے۔ ولندیزی اور ڈنمارک کے کھلاڑی جوہانس برگ کے سوکر سٹی اسٹیڈیم میں اس باعث انتہائی بلند پائے کا فٹ بال نہیں کھیل سکے۔ اس کے علاوہ گرم موسم بھی اگلے میچوں میں یورپی ٹیموں کو پریشان کر سکتا ہے۔ یہ اور بات کہ ہالینڈ کی ٹیم ڈینش ٹیم کے خلاف دو گولوں سے جیت گئی۔ اس میچ میں ہالینڈ کی جانب سے پہلا گول ڈنمارک کے کھلاڑی سائمن پالسن نے کیا۔ فٹ بال کے نگران ادارے نے یہ گول ہالینڈ کے ڈینئل آگر کے نام کردیا ہے کیونکہ ابتدائی کک ان کی جانب سے تھی۔ یہ گول دوسرے ہاف کے پہلے منٹ میں ہوا۔ اس کے بعد دوسرا گول ہالینڈ کے فارورڈ کھلاڑی ڈِرک کُواِت نے کیا۔ یہ میچ ہالینڈ کی ٹیم کے کپتان گیووانی فان برونک ہورسٹ کا ایک سوواں بین الاقوامی میچ تھا۔ یاد رہے کہ یورپی ٹیموں نے بلند سطح پر کھیلنے کی دو دو ہفتوں کی باقاعدہ مشق کی ہوئی ہے لیکن جنوبی افریقہ میں ان کو امکانی طور پر گرم موسم کا بھی سامنا ہے۔

Süd Afrika WM 2010 Niederlande gegen Dänemark
ڈنمارک کے کھلاڑی کا اپنے ملک کے خلاف گول، پالسن پریشان کھڑے ہیںتصویر: AP

جاپان بمقابلہ کیمرون

مبصرین کا خیال تھا کہ کیمرون ایشیائی ملک جاپان کے خلاف اپنے میچ میں کامیابی حاصل کر سکتا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ جاپان کی ٹیم یہ میچ ایک گول سے جیت گئی۔ جاپانی کھلاڑی، نیکائیسوکے ہونڈا کی اتوار کو سالگرہ تھی۔ انہوں نے پیر کے روز کھیلے جانے والے میچ میں فتح کا گول کر کے اپنی اس بار کی سالگرہ کو یاد گار بنا دیا۔ یہ میچ جنوبی افریقہ کے عدالتی کیپٹل بلوم فاؤنٹین کے فری اسٹیٹ سٹیڈیم پر کھیلا گیا۔ جاپانی کوچ تاکےشیئی اوکاڈا کا خیال تھا کہ جاپانی ٹیم کو زیادہ گولوں سے میچ جیتنا چاہیے تھا۔ یہ میچ دیکھنے کے لئے چالیس ہزار نشستوں والے اسٹیڈیم میں تیس ہزار کے قریب شائقین موجود تھے۔

آج کھیلے جانے والے میچ

پندرہ جون کو فٹ بال ورلڈ کپ کا پہلا میچ گروپ ایف کی ٹیمیں نیوزی لینڈ اور یورپی ٹیم سلووینیا کے درمیان ہو گا۔ اس کے بعد گروپ جی کے دو میچوں کے مکمل ہونے کے بعد صرف گروپ ایچ کے دو میچ رہ جائیں گے۔ گروپ جی کو جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کا سب سے مشکل گروپ تصور کیا جاتا ہے۔ پانچ بار ورلڈ چیمپیئن رہنے والے برازیل کے ساتھ شمالی کوریا، پرتگال اور آئیوری کوسٹ کی ٹیمیں ہیں۔ برازیل کی ٹیم شمالی کوریا کے ساتھ میچ کھیلے گی۔ پرتگال کی ٹیم کو آئیوری کوسٹ کی ٹیم کا سامنا ہو گا۔ مبصرین کے خیال میں برازیل کی ٹیم شمالی کوریا کے خلاف جیت سکتی ہے لیکن پرتگال اور آئیوری کوسٹ کا میچ زوردار ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں