1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا کا کلب ورلڈ کپ : بارسلونا فاتح

20 دسمبر 2009

دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کی رواں سال کے دوران ایک اور منفرد عالمی چیمپیئن شپ اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ خلیجی ریاست ابو ظہبی میں کھیلے گئے کلب ورلڈ کپ میں بارسلونا کو کامیابی حاصل ہوئی۔

https://p.dw.com/p/L9DZ
بارسیونا کلب کا فارورڈ میسیتصویر: picture-alliance/ dpa

خلیجی ریاست ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ہزاروں شائقین کے سامنے فٹ بال کے نگران عالمی ادارے فیفا کا کلب ورلڈ کپ اپنی منزل کو پہنچ گیا ہے۔ نو دسمبر سے شروع ہونے والے عالمی کپ کا فائنل انیس دسمبر کی شام کو کھیلا گیا۔ یہ میچ یورپی ملک سپین کی مشہور فٹ بال کلب بارسلونا اور ارجنٹائن کے معروف اور مضبوط کلب ایسٹوڈیانٹس (Estudiantes ) کے درمیان کھیلا گیا۔

بارسلونا کلب نے اضافی وقت میں ایک گول کر کے چیمپیئن شپ جیت لی۔ مقررہ وقت کے دوران یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اضافی وقت میں مشہور فارورڈ لیونل میسی نے گول کیا جو وقت ختم ہونے پر فتح کا گول قرار دیا گیا۔

Die teuersten Fußball Transfers Flash-Galerie
ایسٹوڈیانٹس کا کھلاڑی فیرونتصویر: picture-alliance / dpa/dpaweb

میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں میں زور دار انداز میں مقابلہ شروع ہوا۔ ارجنٹائن کے کلب ایسٹوڈیانٹس (Estudiantes ) نے 39 ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی جو مقررہ وقت کے آخری منٹ تک جاری رہی لیکن اُنہی اختتامی لمحات میں بارسلونا کے پیڈرو راڈرگ نے گول کر کے میچ برابر کردیا اور پھر ایسٹوڈیانٹس کو دوبارہ نہ برتری حاصل ہوئی اور نہ ہی جیت۔ گزشتہ پانچ سالوں سے لاطینی ملکوں کے کلب فائنل تک رسائی حاصل تو کر رہے ہیں لیکن جیت میں ناکامی ہو رہی ہے۔ اِس بار ایسا خیال کیا گیا تھا کہ ایسٹوڈیانٹس شائد بارسلونا کو چِت کرنے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

تیسری پوزیشن پر جنوبی کوریا کا چیمپیئن کلب پوہانگ سٹیلرز رہا۔ اس نے میکسیکو کے کلب اٹلانٹے کو اضافی وقت کے بعد پنلٹی ککس پر شکست دی۔ رواں سال کے دوران کھیلی جانے کلبوں کے ورلڈ کپ میں لاطینی امریکہ کے دونوں کلب پہلی تین پوزیشنوں میں کوئی بھی حاصل نہ کرسکے اور مدمقابل ٹیموں سے شکست کھا گئے۔

Xavi Hernandez feiert sein Tor
زاوی ہرمینڈزتصویر: AP

کلبوں کے فیفا ورلڈ کپ کے بعد بہترین کھلاڑیوں میں اعزازت بھی تقسیم کئے جاتے ہیں۔ بارسلونا کلب کے لیونل میسی کو گولڈن بال کا حقدر قرار دیا گیا۔ سلور یا چاندی کے بال کا حقدار ارجنٹائن کے کلب ایسٹوڈیانٹس کے یوان سباسطیئن فرون کو ملا اور کانسی کا بال بارسلونا کے زاوی ہرمیندڈز کو دیا گیا۔

فٹ بال کے حلقوں میں بارسلونا کلب کو یورپ کا بادشاہ کلب قرار دیا جاتا ہے۔ اِس وقت اُس کے پاس یورپ کی چیمپیئن لیگ کا اعزاز حاصل کرنے کے علاقہ اب فیفا کا کلب ورلڈ کپ بھی پہنچ گیا ہے۔ اِس کے علاوہ چار دوسری علاقائی چیمپیئن شپ بھی بارسلونا کے پاس ہیں۔ دوسری جانب ارجنٹائن کے علاقے ڈی لا پلاٹا کی مشہور کلب ایسٹوڈیانٹس (Estudiantes ) کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ وہ لاطینی خطے کا پانچواں کلب ہے جس نے اِس ورلڈ کپ کا فائنل پانچویں مرتبہ فائنل کھیلا۔

رپورٹ:عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ