1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیڈرر نے پیرس ماسٹرز اپنے نام کر لیا

14 نومبر 2011

سابق عالمی نمبر ایک سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے پیرس ماسٹرز ٹینس ٹونامنٹ کے فائنل میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے، پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13AQT
تصویر: dapd

فیڈرر نے اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل میں جو ولفریڈ ٹسونگا (Jo-Wilfried Tsonga) کو چھ ایک اور سات چھ سے شکست دی۔ فیڈرر کے کیرئیر کا یہ 99 واں موقع تھا، جب وہ کسی ایونٹ کے فائنل میں پہنچے۔

میچ کے اختتام پر اپنے ایک انٹرویو میں موجودہ عالمی نمبر چار راجر فیڈرر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس جیت پر اس لیے بھی خوش ہیں کہ بہت عرصے بعد وہ ایک مرتبہ پھر ویسا کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں، جیسا وہ خود سے توقع کرتے ہیں۔

’’مجھے اس سے زیادہ خوشی نہیں ہو سکتی۔ میں نے اس سے قبل کئی مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے کی کوشش کی، مگر کسی نہ کسی وجہ سے میں کبھی کامیاب نہ ہو پایا۔ یہ واقعی ایک بڑی فتح ہے اور میرے لیے یہ ایک خصوصی جیت ہے۔‘‘

Sport US Open Tennis Novak Djokovic
عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر سیربیا کے نواک جوکووچ براجمان ہیںتصویر: dapd

چھ ہفتوں کی خزاں بریک کے بعد فیڈرر کا یہ 12 واں میچ تھا۔ میچ کے آغاز ہی سے ٹسونگا ان کے سامنے نہایت بے بس نظر آئے۔ صرف 90 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اب تک 16 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے والے فیڈرر نے ٹسونگا کو اپنے مضبوط بریکس سے پریشان کر دیا۔

فرانسیسی کھلاڑی ٹسونگا، بیرسی ٹورنامنٹ کہلانے والے پیرس ماسٹرز کے فائنل میں گزشتہ چار برسوں میں ہر بار پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں تاہم سن 2008ء کے بعد وہ کبھی یہ ٹائٹل نہیں جیت پائے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ اس جیت سے یہ واضح ہے کہ فیڈرر اب اپنی فارم میں واپس آ چکے ہیں اور وہ اگلے ہفتے سے لندن میں ہونے والے ورلڈ ٹور ٹورنامنٹ فائنلز ٹائٹل میں اپنے حریفوں کے لیے ایک سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس ٹورنامنٹ میں اگر وہ اینڈی مرے کو شکست دینے میں کامیاب رہے، تو تقریبا ایک ماہ قبل فیڈرر سے عالمی نمبر تین کی پوزیشن چھین کر انہیں چوتھی پوزیشن پر پہنچانے والے مرے سے فیڈرر یہ اعزاز واپس بھی لے سکتے ہیں۔

پیر کے روز ٹینس کی عالمی درجہ بندی فہرست بھی جاری کی گئی۔ جس کے تحت عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر سیربیا کے نواک جوکووچ براجمان ہیں۔ ان کے 13475 پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبر پر 9375 پوائنٹس کے ساتھ اسپین کے رافائل نادال ہیں۔ تیسری پوزیشن برطانیہ کے اینڈی مرے کی ہے، جن کے 7380 پوائنٹس ہیں۔ راجر فیڈرر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ فیڈرر کے پوائنٹس کی تعداد 6670 ہے۔ اس فہرست میں فرانسیسی کھلاڑی Jo-Wilfried Tsonga کا نمبر چھٹا ہے۔ ان کے 3535 پوائنٹس ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں