1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قبرص کی طرف سے بحیرہ روم میں گیس کی تلاش ناقابل قبول، ترکی

18 ستمبر 2011

ترکی نے ہفتے کو کہا کہ قبرص کی طرف سے بحیرہ روم میں گیس کی تلاش کے منصوبے ’اشتعال انگیز‘ ہیں اور اگر ان کی کھدائی میں پیشرفت ہوئی تو وہ اپنے زیر اثر شمالی قبرص میں قدرتی وسائل کی تلاش کا کام شروع کر دے گا۔

https://p.dw.com/p/12bPC
تصویر: AP

ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلو کی جانب سے ان خیالات کا اظہار مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی ملکیت پر پائے جانے والے اختلافات کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے اور یہ ایسے موقع پر کیا گیا ہے، جب ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بگڑنے کی وجہ سے خطہ کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔

بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یونانی قبرص حکومت نے کہا ہے کہ وہ اپنے سمندر میں گیس کی تلاش کے منصوبوں کو جاری رکھے گی اور اگر انقرہ حکومت نے اس کے فیصلے کو چیلنج کیا تو وہ یورپی یونین میں ترکی کی رکنیت کے مذاکرات میں رکاوٹ ڈالے گی۔

Ahmet Davutoglu in Kairo Ägypten
ترک وزیر خارجہ احمد داؤد اوگلوتصویر: picture-alliance/dpa

شمالی قبرص کی علیحدہ ہونے والی حکومت کو تسلیم کرنے والے دنیا کے واحد ملک ترکی نے اس تنازعے میں براہ راست کردار اپنا لیا ہے اور کہا ہے کہ جزیرے پر ترک قبرص کا بھی اتنا ہی حق ہے، جتنا کہ یونانی قبرص کا ہے۔

داؤد اوگلو نے ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا، تو ہم اپنے اقدامات اٹھائیں گے اور شمالی قبرص ترکی کے ساتھ مل کر  وسائل کی اسی طرح تلاش شروع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ 

انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت توانائی کا ایک وفد شمالی قبرص کا دورہ کر رہا ہے، جہاں وہ حکام کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبرص کا وسائل کی تلاش کا یکطرفہ منصوبہ ’اشتعال انگیزی‘ ہے، جب کہ یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا جا رہا ہے کہ جب اقوام متحدہ کی طرف سے قبرص کے مسئلے کے حل کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن قریب ہے۔

Karte von Zypern
ترکی نے کہا ہے کہ قبرص کی طرف سے بحیرہ روم میں گیس کی تلاش کے منصوبے ’اشتعال انگیز‘ ہیںتصویر: AP

سن 1974ء میں یونان سے متاثرہ مختصر انقلاب کے نتیجے میں ترکی کے حملے کے بعد قبرص دو حصوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ اقوام متحدہ 2012ء کے وسط تک قبرص کے معاملات کی نگرانی کر رہا ہے، جبکہ قبرص کو یورپی یونین کی ششماہی صدارت بھی سنبھالنی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ترکی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اس تنازعے سے مختصر مدت کے لیے امن مذاکرات رک جائیں گے۔ کنٹرول رسکس نامی ادارے میں مغربی یورپ کے ایک تجزیہ کار ڈیوڈ لی نے کہا، ’’میرے خیال میں مختصر مدت میں اس سے تنازعہ پیدا نہیں ہو گا مگر اس سے مسائل کو حل کرنا کہیں زیادہ دشوار ہو جائے گا اور یہ اتنی آسانی سے ختم نہیں ہو گا۔‘‘

امریکی جیولوجیکل سروے کے گزشتہ سال کے تخمینے کے مطابق لیوانت بیسن صوبے میں 1.7 بلین بیرل تیل اور 122 ٹریلین کیوبک فٹ گیس موجود ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں