1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قذافی کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے، اوباما

12 مارچ 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور اس کے اتحادی قذافی کے گرد گھیرا تنگ کرتے جا رہے ہیں، دوسری جانب لیبیا کی اپوزیشن نے کہا ہے کہ نوفلائی زون کی غیر موجودگی میں ان کی جدوجہد ناکام ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/10XuV
تصویر: AP

برسلز میں یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں بھی ایک مرتبہ پھر کہا گیا ہے کہ قذافی کو عہدہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے لیے ’تمام آپشنز‘ کھلے رکھے گئے ہیں، تاہم لیبیا پر کسی فضائی حملے، عسکری کارروائی یا نوفلائی زون کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

Libyen Aufständische bei Ras Lanuf
قذافی مخالف باغیوں کی مزاحمت جاری ہےتصویر: dapd

ناقدین امریکی صدر اوباما کو لیبیا کی صورتحال میں سست ردعمل ظاہر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں حالانکہ امریکہ کی جانب سے قذافی اور ان کے قریبی رفقاء کے خلاف مالی پابندیوں کے ساتھ ساتھ لیبیا کی فوجی امداد پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما کے مطابق اس سلسلے میں تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر آہستہ آہستہ قذافی کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی بین الاقوامی سطح پر تنہا ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے اپنے لیے تمام آپشنر ابھی تک کھلے رکھے ہیں۔

اوباما کے اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد امریکی وزارت خزانہ نے قذافی کی اہلیہ، چار بیٹوں اور لیبیا کے چار دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے اثاثوں کے انجماد سے متعلق پابندیوں کو مزید سخت بنانے کا اعلان کیا۔

EU Gipfel Brüssel 2011
برسلز میں یورپی یونین کے اجلاس کے موقع پر لی گئی ایک تصویرتصویر: dapd

دریں اثناء لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سے لیس قذافی کی حامی افواج حکومت مخالفین کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ جمعہ کے روز لیبیا کی فوج نے ساحلی علاقے راس لانوف پر بحری، بری اور فضائی حملہ کیا۔ فوج کے مقابلے میں باغیوں کے پاس صرف چھوٹے ہتھیار ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق لیبیا میں باغی، قذافی کی حامی افواج کو روکنے میں مغربی دنیا کی طرف سے کسی بڑے قدم کے نہ اٹھائے جانے پر خاصے مایوس دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں لیبیا کے سابق سفارتکار عبد الرحمان نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ پیر کے روز لیبیا کی اپوزیشن کے اہم رہنما محمود جبریل سے پیرس میں ملاقات کرنے والی ہیں۔ جبریل جمعرات کے روز پیرس پہنچے تھے، جہاں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے ان کا استقبال کیا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں