1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قران نذر آتش کرنے کا منصوبہ منسوخ

10 ستمبر 2010

غیر معروف مسیحی فرقے کے پادری ٹیری جونز نے ستمبر گیارہ کو قران نذر آتش کرنے کے مجوزہ پلان کو منسوخ کردیا ہے۔ اس مناسبت سے امریکی صدر کے بیان کو بھی خاصی اہمیت حاصل ہوئی تھی۔

https://p.dw.com/p/P8gn
ٹیری جونز اور محمد مصریتصویر: ap

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے فلوریڈا مقیم مسیحی پادری ٹیری جونز کو فون کر کے کہا کہ وہ قران آتش زنی کے منصوبے سے دستبردار ہو جائیں کیونکہ اس باعث امریکہ کو عالمی مذمت کا سامنا ہے۔ اس ٹیلی فونک رابطے کے بعد امریکی پادری نے اپنے منصوبے کی منسوخی کا اعلان کردیا۔ اس اعلان سے قبل امریکی صدر اوباما نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ دنیا بھر میں انتہاپسندوں کو نئے جنگجو بھرتی کرنے کا موقع فراہم کرنے کے علاوہ خودکش حملوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔

ٹیری جونز سے گفتگو کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس نے ان کے پلان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پلان کی تکمیل سے افغانستان اور عراق میں تعینات ہزاروں امریکی فوجیوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔

امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جیف موریل کے مطابق رابرٹ گیٹس اور ٹیری جونز کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت بہت طویل نہیں تھی۔ اوباما انتظامیہ میں یہ بحث بھی ہوئی کہ کیا حکومتی مشینری کی جانب سے اس معاملے پر ٹیری جونز سے بات کرنی چاہیے یا نہیں۔ جیف موریل کے مطابق وزیر دفاع کا مؤقف تھا کہ اگر ایک ٹیلی فون کال سے ایک وردی پہنا ہوا امریکی مرد یا عوت محفوظ ہو سکتی ہے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

Robert Gates Washington USA
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے ٹیر ی جونز سے ٹیلی فون پر بات کیتصویر: AP

ٹیری جونز نے اپنے سابقہ پلان کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کو یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ گراؤنڈ زیرو کے قریب بننے والی مسجد کے مقام کو منتقل کردیا جائے گا۔ جونز کا مزید کہنا تھا کہ امریکی لوگ ستمبر گیارہ کے حادثے کے مقام کے قریب کسی مسجد کی موجودگی کوپسند نہیں کرتے اور یہ ایسے ہی ہے جیسے مسلمان نہیں چاہتے کہ وہ اور ان کے ساتھی قران سوزی کریں۔ ٹیری جونز نے فلوریڈا کے یونیورسٹی ٹاؤن میں واقع مقام گینزولے سے اپنے منصوبے کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

اسی جگہ ان کے فرقے Dove World Outreach Centre کا مرکز موجود ہے، جس کی اراکین کی کل تعداد پچاس بتائی جاتی ہے۔ ٹیری جونز ہفتہ کے روز نیو یارک کے اس امام سے ملنے جا رہے ہیں، جو گراؤنڈ زیرو کے قریب مسجد اور اسلامک کلچرل سنٹر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس مناسبت سے فلوریڈا کی ایک مسلم تنظیم اسلامک سوسائٹی آف سنٹرل فلوریڈا کے محمد مصری کی ثالثی کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے۔ محمد مصری نے البتہ یہ بھی کہا ہے کہ نیویارک مسجد کی تعمیر کا پلان ابھی تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔

اس مناسبت سے ایک اور پیش رفت یہ ہے کہ نیویارک میں مسجد اور اسلامک کلچرل سینٹر تعمیر کرنے والے امام فیصل عبدالرؤف شاید مسجد کے مقام کی تبدیلی پر اگلے دنوں میں متفق ہو جائیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید