1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لزبن معاہدے کو مرنے نہیں دینگے: یورپی یونین

گوہر نذیر گیلانی16 جون 2008

لزبن ٹریٹی کے تعلق سے یورپی یونین کے وزراء خارجہ نے لکسیمبورگ میں پیر کے روز یہ عہد کیا کہ آئرلینڈ ریفرنڈم کے نتیجے کے باوجود اس معاہدے کو مرنے نہیں دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/EKeT
آئرلینڈ کے وزیر خارجہ میخائل مارٹن اپنے لکسمبورگ کے ہم منصب جین ایسلبورن کے ہمراہتصویر: picture-alliance/dpa

یورپی وزراء خارجہ نے تاہم کہا کہ اس معاہدے کو زندہ رکھنے کے لئے فی الحال ان کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے۔

لکسیمبورگ کی ماہانہ کانفرنس یورپی یونین کے وزراء خارجہ کے لئے ایک موقعہ تھا کہ آئرلینڈ ریفرنڈم کے نتیجے پر وہ تبادلہ خیال کرسکیں اور لزبن معاہدے کے اطلاق کی کوئی راہ تلاش کریں۔

گُزشتہ جمعرات کو لزبن معاہدے کے خلاف آئرلینڈ ریفرنڈم کا نتیجہ یورپی یونین کے لئے ایک چیلنج کے طور پر سامنے آیا۔ لزبن معاہدے کا مقصد یورپی یونین کو سیاسی اور معاشی اعتبار سے مذید مضبوط بنانے کے علاوہ بلاک میں اصلاحات متعارف کرانا تھا۔

یورپی یونین میں اصلاحات کے لئے لزبن میں ایک معاہدہ طے پایا تھا لیکن آئرلینڈ کے ریفرنڈم کے نتیجے نے اس کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔

یونین میں آئرلینڈ ایسا واحد ملک ہے جہاں لزبن معاہدے کی تصدیق اور توثیق کے لئے ایک ریفرنڈم کرایا گیا۔ آئرلینڈ کے عوام کی اکثریت نے ریفرنڈم کے ذریعے ٹریٹی کے خلاف ووٹ دیا۔