1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لزبن ٹریٹی کی کامیابی کے لئے جرمنی اور فرانس کی کوششیں

گوہر نذیر گیلانی17 جون 2008

اس سلسلے میں وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر نکولاس سارکوزی اصلاحات کے معاہدے کو یورپی یونین کے ممبر ممالک کی طرف سے حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/EKhN

جرمن چانسلر پولینڈ کے دورے پر ہیں جبکہ فرانسیسی صدر پراگ میں ہیں۔

انگیلا میرکل اور پولش وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک لزبن معاہدے اور اس حوالے سے حال ہی میں آئرلینڈ ریفرنڈم کے نتیجے پر بات کرنے والے ہیں۔ اس وقت جرمنی اور پولینڈ کے باہمی رشتے جرمن دارالحکومت برلن میں ایک متنازعہ میوزیم کے منصوبے کی وجہ سے کشیدہ ہیں۔ یہ میوزیم ان جرمن باشندوں کے نام منسوب کئے جانے کا منصوبہ ہے جنہیں دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ سے نکال باہر کیا گیا تھا۔

دریں اثناء فرانسیسی صدر نکولاس سارکوزی یورپی ملک پراگ میں وسطی یورپی ممالک کو لزبن معاہدے کی حمایت کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ رواں سال کی دوسری ششماہی میں یورپی یونین کی صدارت فرانس کے پاس چلی جائے گی۔

دوسری جانب یورپی یونین کے وزراء خارجہ نے آئرلینڈ ریفرنڈم کے لزبن ٹریٹی مخالف نتیجے کے باوجود اسے زندہ رکھنے کا عہد کیا ہے۔

لکسمبورگ میں یورپی یونین کے ماہانہ اجلاس میں بلاک کے وزراء خارجہ نے کہا کہ لزبن معاہدے کو ہرگز مرنے نہیں دیا جائے گا۔ لزبن ٹریٹی کی تصدیق‘ توثیق اور اطلاق کے لئے یونین کے تمام ستائیس ارکان کی حمایت حاصل ہونا لازمی اور ناگزیر ہے۔