1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیبیا میں مغربی دنیا کی ناپسندیدہ جنگ

2 اپریل 2011

یہ ایک ایسی جنگ ہے، جس کی باراک اوباما نے خواہش نہیں کی تھی، ڈیوڈ کیمرون کو اس کی ضرورت نہیں تھی، انگیلا میرکل اس کا سامنا نہ کر سکیں۔ صرف نکولا سارکوزی نے اسے سیاسی اور سفارتی کامیابی کا موقع جانا۔

https://p.dw.com/p/10mID
تصویر: AP

لیبیا میں پندرہ فروری کو معمر قذافی کے خلاف شروع ہونے والی عوامی بغاوت کو فرانسیسی صدر نے ایک ایسا موقع جانا، جسے سیاسی اور سفارتی سطح پر کامیابی کے لیے استعمال میں لایا جا سکتا تھا۔ فرانس کی داخلہ سیاست کے حوالے سے ایک بات بالکل غیر یقینی ہے، وہ یہ کہ لیبیا کے عوام کو معمر قذافی کی فوجوں کی کارروائی سے بچانے کے لیے توانائی سے بھرپور، جن قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ نکولا سارکوزی نے کیا اور طرابلس کے خلاف ایک بین الاقوامی اتحاد وجود میں آ گیا، وہ خود سارکوزی کی اگلے سال ہونے والے فرانسیسی الیکشن میں کامیابی میں کوئی مدد دے سکیں گے۔

لیکن پیرس کے عرب دنیا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید کے ساتھ فرانس نے لیبیا پر جن فضائی حملوں کی انتہائی حد تک حمایت کی، انہوں نے یہ واضح کرنے میں بھی نکولا سارکوزی کی بڑی مدد کی کہ لیبیا کے خلاف جنگ کی شکل و صورت کیسی ہو گی۔

مغربی دنیا نے لیبیا میں فوجی مداخلت کی جو راہ ہموار کی، اس کی بنیاد مشترکہ شبہات بھی بنے اور یہ خدشات بھی کہ کہیں ایک اور مسلم ملک کے طور پر لیبیا کے خلاف یہ جنگ ایک نئی دلدل ثابت نہ ہو۔ اس کے علاوہ مغربی دنیا کو یہ احساس بھی ہے کہ اس نے لیبیا کی جس اپوزیشن کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے، وہ زیادہ تر غیر معروف ہے اور عوم اسے نہیں جانتے۔

NO FLASH Libyen Krieg Gaddafi NATO Konferenz London
لیبیا کے موضوع پر لندن میں ہونے والی کانفرنس کے شرکاء کا گروپ فوٹوتصویر: AP

اس پس منظر میں لیبیا میں قذافی کے دور اقتدار کے ‌خاتمے میں جتنی زیادہ دیر لگی، اتنا ہی امریکہ، یورپ اور عرب ملکوں کے لیے اپنے اس اتحاد کو قائم رکھنا مشکل ہو جائے گا، جو ویسے بھی ایک پیچیدہ اتحاد ہے۔ لیبیا پر مغربی ملکوں کے جنگی طیاروں کے حملوں کو شروع ہوئے اب دو ہفتے ہو گئے ہیں۔

مغربی ریاستوں کے پالیسی ساز اب یہ سوچ سوچ کر ڈرنے لگے ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی بم غلطی سے کسی ہسپتال یا یتیم خانے پر جا گرے یا پھر یہ تنازعہ ایک طویل کشمکش میں بدل جائے۔ یہ بات تو طے ہے کہ طرابلس میں عمل میں آنے والی کوئی بھی تبدیلی پوری عرب دنیا میں عوامی احتجاج کی ان تحریکوں پر یقیناﹰ کسی نہ کسی شکل میں اثر انداز ہو گی، جو اب تک یا تو کامیاب بھی ہو چکی ہیں اور یا پھر اپنی کامیابی کی منزل تک پہنچنے کی جدوجہد میں ہیں۔

خبر ایجنسی روئٹرز نے اس بارے میں اپنے ایک تفصیلی جائزے میں لکھا ہے کہ لیبیا کی موجودہ جنگ کا تصور یورپ میں پیدا ہوا، اس جنگ کی ابتدا پیرس میں ہوئی اور اب اس کے نتائج کا اثر بھی یورپ پر پڑے گا۔

اس بارے میں یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے سینئر فیلو نک وٹنی کہتے ہیں کہ اب وہ سب سے زیادہ مناسب وقت آ گیا ہےکہ یورپی ملک اپنی ذمہ داریاں واشنگٹن کو برآمد کرنا بند کر دیں۔ نک وٹنی کے بقول اگر لیبیا سے متعلق تنازعے میں مغربی دنیا ناکام ہو گئی، تو یہ خاص طور پر ایک یورپی ناکامی ہو گی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں