1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیجنڈری گالفر بایسٹیروز کی رحلت

7 مئی 2011

یورپی ملک اسپین کے عالمی شہرت کے گالفر سیویریانو بایسٹیروز کی رحلت سے گالف کی دنیا ایک نامی گرامی کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔ رحلت کے وقت ان کی عمر چون برس تھی۔

https://p.dw.com/p/11BA8
سیویریانو بایسٹیروز: فائل فوٹوتصویر: AP

سیویریانو بایسٹیروز (Severiano Ballesteros) کا انتقال کینسر کے باعث ہوا ہے۔ ان کے دماغ میں سرطانی رسولی کی موجودگی کا انکشاف سن 2008میں ہوا تھا۔ دماغی کینسر کی تشخیص کے بعد ماہر یورپی نیورو سرجنز نے ان کے مختلف اوقات میں آپریشن بھی کیے۔ سرجری کے علاوہ انہیں کیمو تھراپی کے عمل سے بھی گزرنا پڑا تھا۔

دوا اور علاج کے عمل سے وہ صحت یاب نہ ہو سکے اور ہفتہ کی صبح وہ رحلت کر گئے۔

سیویریانو بایسٹیروز کی فیملی کی جانب سے رحلت کا پیغام ان کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔ رحلت کے وقت سیویریانو بایسٹیروز وہ اپنے ملک اسپین کے علاقے Pedrena میں رہائش پذیر تھے۔

Flash-Galerie Deutsch-polnisches Golfturnier in Potsdam 3
جرمنی میں بھی گولف کھیل پسند کیا جاتا ہےتصویر: DW

گالف کی دنیا پر ہسپانوی کھلاڑی بایسٹیروز اس وقت سامنے آئے تھے جب ان کی عمرصرف انیس برس تھی۔ اپنے پہلے برٹش اوپن میں انہوں نے شاندار اور جاندار کھیل پیش کر کے شہرت حاصل کی تھی۔ وہ ابتدائی تین راؤنڈ میں مسلسل سبقت لیے رہے لیکن بعد میں جونی ملر نے انہیں شکست دی۔ وہ اپنے پہلے برٹش اوپن میں دوسرے مقام پر رہے تھے۔ بعد میں اسی کی دہائی میں وہ تین بار اس ٹورنامنٹ کے فاتح بھی رہے۔ یورپی ماسٹرز کے ٹورنامنٹ آگسٹا (Augusta) کو بھی جیتنے والے وہ کم عمر ترین گالفر تھے۔ وہ اپنے پروفیشنل کیریئر میں گالف عالمی درجہ بندی میں ورلڈ نمبر ایک بھی رہے۔ سن 1974 میں ان کے پروفیشنل کھیل کا باقاعدہ آغاز ہوتا ہے اور اس کے بعد گالف کے عالمی منظر پر ان کا طوطی بولتا رہا۔ سن 1997 میں انہوں نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پروفیشنل دور میں سیویریانو بایسٹیروز نے کل 91 ٹاپ رینکنگ ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کامیابیوں میں نو پروفیشنل گالف ایسوسی ایشن (PGA) ٹورنامنٹس بھی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ پچاس مختلف یورپی ٹورنامنٹس کو بھی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تمام یورپی گالف ٹورنامنٹس میں سیویریانو بایسٹیروز نے پہلی بار شرکت کی اور اپنے کھیل کا لوہا منوایا اور کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح انہیں گالف کے عالمی شہرت کے معتبر ٹورنامنٹس میں سے ایک جاپان اوپن کو بھی چھ مرتبہ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

گالف کھیل کے معتبر ٹیم ٹورنامنٹ رائیڈر کپ میں ان کی شمولیت اور شرکت ہمیشہ یار رکھی جائے گی کیونکہ ان ہی کی بدولت کسی یورپی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں جیت حاصل ہوئی تھی۔ ان کی ٹیم نے آٹھ ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کیا۔ وہ نان پلےانگ کیپٹن بھی رہے۔ رائیڈر کپ میں وہ بطور پلیئر کے بھی شریک رہے تھے۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان