1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لیری کنگ لائیو سے آخری الوداع‘

18 دسمبر 2010

دنیا بھر کے لاکھوں شائقین ٹیلی ویژن کے سامنے ریکارڈ 25 برس تک براہ راست ٹاک شو پیش کرنے والے لیری کنگ نے مداحوں کو لیری کنگ لائیو سے آخری بار الوداع کہہ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Qfab
تصویر: AP

گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے والے لیری کنگ نے سی این این ٹیلی وژن چینل انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ وہ اب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وقت گزارنا چاہتے ہیں اورمزید انٹرویو کا پروگرام لیری کنگ لائیو پیش کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ان کی یہ درخواست ٹی وی حکام نے منظور کرلی۔

77 سالہ لیری کوامریکی صدرباراک اوباما اورٹیلی ویژن کی دنیا سے وابستہ نامی گرامی شخصیات نے ستائش وعقیدت بھرے پیغامات بھیجے ہیں۔ لیری نے 1985ء میں اٹلانٹا کے سی این این سٹیشن سےاس پروگرام کا آغاز کیا تھا، جو وقت کے ساتھ ساتھ مقبولیت اورپسندیدگی سمیٹنے لگا۔ اس شوکی ریکارڈنگ سی این این کے واشنگٹن، نیویارک اور لاس اینجلس سٹوڈیوز میں بھی کی گئی۔

لیری نے عالمی شہرت کے حامل سیاستدانوں، فن کاروں، کھلاڑیوں اور تجارتی شخصیات کے انٹرویو کئے۔ اس فہرست میں سابق امریکی صدر جیرالڈ فورڈ سے لے کراب تک کے تمام امریکی صدور، پلے بوائے کے بانی ہیوگ ہیفنر، مائیک ٹائی سن، روسی وزیراعظم ولادی میرپوٹین، سابق جنوبی افریقی صدرنیلس منڈیلا اور فلسطینی رہنما یاسرعرفات جیسی شخصیات شامل ہیں۔

Arafat unter Druck
لیری کنگ یاسر عرفات کا بھی انٹرویو کرچکے ہیںتصویر: AP

لیری کنگ کے سوالات، بات پوچھنے کا انداز اوردلچسپ گفتگو کا سلسلہ جاری رکھنے کا ڈھنگ دیدہ زیب رہا۔ کنگ کے ناقدین کہتے ہیں کہ اُن کا طرز انٹرویو بعض اوقات بہت ہی نرم رہا ہے۔ دیگر کا دعویٰ ہے کہ یہی وہ راز ہے جس کے سبب ہر معروف شخصیت اس شو میں آنے کو تیاررہی اورجس نے سی این این کو جلد ہی ایک بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینل کا درجہ دلانے میں نمایاں کردارنبھایا۔

لیری کی نجی زندگی بھی خاصی دھماکہ خیز رہی ہے۔ رواں سال اپریل میں انہوں نے اپنی ساتویں بیوی شاؤن ساوتھ وک کو طلاق دینے کی درخواست دائر کی۔ اگرچہ لیری نے سات شادیاں کیں تاہم وہ مجموعی طور پرعدالت میں آٹھ بار طلاق کی درخواست جمع کرواچکے ہیں۔ وہ اس طرح کہ انہوں نے الین ایکنس سے دو بار شادی کی اور دونوں بار بات طلاق پر ختم ہوئی۔

لیری کا ارادہ ہے کہ اب وہ سی این این پر دیگر پروگرام اورریڈیو شو کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ بیس بال دیکھا کریں گے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید