1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائنز کو شٹٹ گارٹ نے پچھاڑ دیا

16 جنوری 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 18 ویں میچ ڈے کے ہفتہ کو کھیلے جانے والے ایک میچ میں شٹٹ گارٹ نے مائنز کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/zyCD
تصویر: dapd

گو کہ اس شکست کے باوجود مائنز کی ٹیم اب بھی بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر موجود ہے، تاہم یہ پوزیشن زیادہ مضبوط نہیں ہے۔ مائنز اور لیورکوزن کی ٹیموں کے اب تک 33 پوائنٹس ہیں۔ گزشتہ روز لیورکوزن کو لیگ کی اب تک کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ نے ایک کے مقابلے میں تین گول کے واضح فرق سے شکست دے دی تھی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو اب ان دونوں ٹیموں کے مقابلے میں 13 پوائنٹس کا فرق حاصل ہو چکا ہے اور اگلے کئی ہفتوں تک اس کی پہلی پوزیشن محفوظ ہے۔

دوسری جانب ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ وولفس برگ سے مقابلہ بمشکل ڈرا کر پائی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایک ایک گول سے برابر ہوا۔ بائرن میونخ کی ٹیم اس شکست کے بعد لیگ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر نظر آ رہی ہے۔ دونوں ٹیموں نے اس میچ میں ایک ایک پینلٹی کک بھی ضائع کی۔

ہفتے کو ویردر بریمن اور ہوفن ہائم کا میچ بریمن کی جیت کے نتیجے پر ختم ہوا۔ اس میچ میں میزبان بریمن نے ہوفن ہائم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں سینٹ پاؤلی اور فرائی برگ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔

Flash-Galerie Fussball Bundesliga 15. Spieltag 1. FC Nuernberg - Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کی ٹیم بدستور پہلی پوزیشن پر ہےتصویر: dapd

ہفتے کو ہونے والے ان مقابلوں کے بعد لیگ پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ 46 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوازیشن پر ہے جبکہ مائنز اور لیورکوزن کی ٹیمیں 33 پوائنٹس مگر گول اوسط کی بنیاد پر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔ چوتھے نمبر پر ہینوور کی ٹیم ہے، جس کے 31 پوائنٹس ہیں۔ بائرن میونخ 29 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ فرائی برگ کی ٹیم 28 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہے۔

اتوار کو فرینکفرٹ اور ہینوور کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اگر اس میچ میں ہینوور نے فرینکفرٹ کو شکست دے دی، تو وہ لیگ کی دوسری اور تیسری پوزیشن کو تبدیل کر سکتی ہے۔ اتوار کے روز اس میچ ڈے کا آخری مقابلہ کولون اور کائزرز لاؤٹرن کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل