1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مائيکرو سافٹ کمپنی اب اسمارٹ فون نہيں بنائے گی‘

عاصم سليم25 مئی 2016

مائيکرو سافٹ کارپوريشن کی جانب سے بدھ پچيس مئی کو اعلان کيا گيا ہے کہ اسمارٹ فونز سے منسلک کاروبار بند کيا جا رہا ہے۔ يہ کمپنی اب اپنی تمام تر توجہ سافٹ ويئر بنانے پر مرکُوز کرے گی۔

https://p.dw.com/p/1IuFe
تصویر: picture-alliance/dpa/Microsoft/Handout Ressort

اس بارے ميں کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ اسمارٹ فون کی تیاری بند کرنے سے متعلق فيصلے سے عالمی سطح پر 1,850 افراد بے روزگار ہو جائيں گے۔ مائيکرو سافٹ کارپوريشن کے فن لينڈ ميں 1,350 ملازمين کو فارخ کر ديا جائے گا جبکہ دنيا کے ديگر ملکوں ميں تقريباً پانچ سو ملازمتيں متاثر ہوں گی۔ يہ امر اہم ہے کہ فن لينڈ ميں اس کمپنی کے اسمارٹ فون ڈيزائن ہوا کرتے ہيں۔

مائيکرو سافٹ کے سربراہ کالے کيلی نے فرانسيسی خبر رساں ادارے اے ايف پی کو بتايا کہ مائيکرو سافٹ فون ڈيزائن کرنے يا بنانے کا کام فی الحال ترک کر رہا ہے۔ ان کے بقول کمپنی سافٹ ويئر تيار کرنے پر توجہ دے گی۔ مائيکرو سافٹ کمپنی کی جانب سے مطلع کيا گيا ہے کہ اس پيش رفت کے نتيجے ميں کمپنی کے ڈھانچے ميں آنے والی تبديليوں پر 950 ملين ڈالر کے اخرجات آئيں گے۔

اس فيصلے کا مطلب يہ بھی ہے کہ ايک وقت موبائل فون بنانے والی دنيا پر راج کرنے والی کمپنی ’نوکيا‘ کی فن لينڈ ميں بچ جانے والی تمام تر آپریشن ختم ہو جائيں گے۔ نوکيا سن 1998 سے سن 2000 تک روايتی موبائل فون بنانے والی چوٹی کی کمپينوں ميں شامل ہوتی تھی۔ تاہم فن لينڈ کی اس کمپنی کو اسمارٹ فون مارکيٹ ميں وسعت کے سبب زبردست دوڑ کا سامنا کرنا پڑا اور منافعوں ميں کمی کے نتيجے ميں بالآخر اس کمپنی نے سن 2014 ميں اپنا کاروبار مائيکرو سافٹ ونڈوز کو 7.2 بلين ڈالر کے عوض بيچ ديا تھا۔

نوکيا سن 1998 سے سن 2000 تک روايتی موبائل فون بنانے والی چوٹی کی کمپينوں ميں شامل ہوتی تھی
نوکيا سن 1998 سے سن 2000 تک روايتی موبائل فون بنانے والی چوٹی کی کمپينوں ميں شامل ہوتی تھیتصویر: Getty Images/AFP/O. Andersen

پچھلی سہ ماہی ميں 2.4 ملين ونڈوز فونز فروخت ہوئے، جو مجموعی منڈی کا صرف 0.7 فيصد بنتا ہے۔ پچھلے سال کی پہلی سہ ماہی ميں عالمی منڈی ميں فروخت کے اعتبار سے ونڈوز فونز کا حصہ ڈھائی فيصد تھا۔

مائيکرو سافٹ کی طرف سے گزشتہ ہفتے اعلان کيا گيا تھا کہ کمپنی اپنے فيچر فون بزنس کو ساڑھے تين سو ڈالر ميں فن لينڈ کی ايک نئی کمپنی ايچ ڈی ايم گلوبل اور تائيوان سے تعلق رکھنے والے ايف آئی ايچ موبائل آف فاکس کون ٹيکنالوجی گروپ‘ کو فروخت کر رہی ہے۔ يہ نئی کمپنی نوکيا کے نام تلے اسمارٹ فونز اور ٹيبلٹس بناتی رہے گی۔