1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکروسافٹ براؤزر کا نیا ورژن ایکسپلورر نائن

16 مارچ 2011

امریکہ کے معروف کمپیوٹر ادارے مائیکروسافٹ نے اپنے انٹرنیٹ براؤزر ایکسپلورر کا نیا ورژن متعارف کرادیا ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق یہ ورژن زیادہ تیز رفتار اور محفوظ ہے۔

https://p.dw.com/p/10ZiI
تصویر: picture-alliance/ dpa

منگل کو ایکسپلورر 9 متعارف کراتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ یہ ورژن مائیکروسافٹ کی حریف کمپنیوں گوگل، فائرفاکس اور ایپل وغیرہ کے تیار کردہ انٹرنیٹ براؤزرز کے مقابلے میں نہ صرف تیز رفتار ہے بلکہ یہ زیادہ محفوظ اور استعمال میں آسان بھی ہے۔ ان کمپنیوں کے براؤزرز نہ صرف ایکسپلورر کے بڑے حریف ہیں بلکہ مارکیٹ میں ان کے شیئرز میں مسلسل اضافہ بھی ہورہا ہے۔

ایکسپلورر 9 کی خصوصیات میں سے ایک اس کا نیا ڈیزائن بھی ہے جس میں زیادہ توجہ اس بات پر دی گئی ہے کہ کمپیوٹر صارف کی زیادہ سے زیادہ توجہ اس کی مطلوبہ ویب سائٹ پر ہی رہے۔ کمپیوٹر ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کی طرف سے Ars Technica نامی ویب سائٹ پر اس براؤزر کے بارے میں جائزوں میں اسے اب تک کا سب سے ماڈرن براؤزر قرار دیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق ایکسپلورر کا یہ نیا ورژن HTML5 پر چلتا ہے جس کی وجہ سے اس پر نہ صرف ملٹی میڈیا مواد زیادہ بہتر طور پر دیکھا جاسکتا ہے بلکہ براؤزر کے اندر چلنے والی ایپلیکیشنز یا پروگرامز میں بھی بہتری آئی ہے۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق IE9 کی لانچ کے چند گھنٹوں کے اندر اندر 40 ملین صارفین نے اس براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کیا۔ مزید یہ کہ 250 معروف اور ٹاپ ویب سائٹس جن میں فیس بُک، ای بے اور امیزون وغیرہ شامل ہیں اس براؤزر کے ساتھ زیادہ بہتر طور پر کام کریں گی۔

Computer Apple Browser Leopard für Windows
ایپل کے براؤزر سفاری کا مارکیٹ شیئر چھ فیصد سے کچھ ہی زائد ہےتصویر: AP

مائیکروسافٹ میں ونڈوز انٹرنیٹ ایکسپلورر کے سینئر ڈائریکٹر Ryan Gavin کا کہنا ہے: " ویب پر لوگوں کو سب سے زیادہ پروا اس ویب سائٹ کی ہوتی ہے جسے وہ وزٹ کرتے ہیں نہ کہ ان کے براؤزر کی۔ یہی وجہ ہے کہ IE9 ان ویب سائٹس کو زیادہ بہتر انداز میں دکھاتا ہے۔ براؤزر دراصل ایک طرح کا اسٹیج ہے جہاں لوگ اپنی پسند کا پلے دیکھنے آتے ہیں اور ہمارا نیا براؤزر آپ کی پسندیدہ ویب سائٹس کو زیادہ دیدہ زیب انداز میں پیش کرتا ہے۔ "

انٹرنیٹ ایکسپلورر کی مانگ میں جو کبھی 90 فیصد صارفین کے زیر استعمال رہا ہے، گزشتہ کچھ برسوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رواں برس فروری میں یہ براؤزر محض 57 فیصد صارفین کے استعمال میں تھا جبکہ اس سے ایک برس قبل ہی اس کے صارفین کی تعداد 62 فیصد تھی۔

ایک ریسرچ کمپنی نیٹ ایپلیکیشنز کے مطابق موزیلا کے فائرفاکس کے پاس مارکیٹ کا 22 فیصد شیئر ہے جبکہ گُوگل کروم کے پاس 11 فیصد اور ایپل کمپنی کے براؤزر سفاری کے پاس محض 6.4 فیصد شیئر ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل