1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل جیکسن کی تدفین، ہزاروں مداح موجود ہوں گے

6 جولائی 2009

مائیکل جیکسن کے 8750 مداحوں کو اس عظیم گلوکار کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے خصوصی ٹکٹ جاری کر دئے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ii5e
مائیکل جیکسن کو پاپ گائیکی کا بادشاہ کہا جاتا تھاتصویر: picture-alliance / dpa

مائیکل جیکسن کی تدفین منگل کے روز لاس اینجلیز میں ہو گی۔ مائیکل جیکسن کے مداحوں میں اس گلوکار کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے یہ ٹکٹ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کئے گئے۔ قرعہ اندازی کی تقریب لاس اینجلیز کے سٹیپل سینٹر میں منعقد ہوئی۔ مائیکل جیکسن کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ٹکٹ کے حصول کی خاطر 1.6 ملین افراد نے اپنے نام لکھوائے تھے۔ ٹکٹ کے حصول میں کامیاب رہنے والے مداحوں کو ای میل کے ذریعے اطلاع کر دی گئی ہے۔

اس قرعہ اندازی سے قبل 11 ہزار افراد کو مائیکل جیکسن کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے باقاعدہ دعوت نامے بھی تقسیم کئے گئے تھے۔

جیکسن خاندان کے ترجمان کین سن شائن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سٹیپل سینٹر میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے ہونے والی قرعہ اندازی میں خصوصی طور پر خیال رکھا گیا کہ کسی شخص کو دو ٹکٹ جاری نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لئے خودکار سسٹم سے استفادہ کیا گیا۔ ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہو جانے والے افراد کو ایک خصوصی کوڈ جاری کیا گیا ہے اور ساتھ ہی یہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مائیکل جیکسن کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے باقاعدہ ٹکٹ کہاں سے اور کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔

BdT Michael Jackson Fans in London
لاکھوں مداحوں نے مائیکل جیکسن کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے اپنا نام لکھوایا تھاتصویر: AP

ان افراد کو کلائی پر باندھنے کے لئے ایک پٹی بھی جاری کی جائے گی۔ سن شائن نے کہا کہ کوئی بھی مداح مائیکل جیکسن کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے سٹیپل سینٹر میں صرف اسی وقت داخل ہو سکے گا جب اس کے پاس ٹکٹ کے ساتھ ساتھ کلائی پر باندھی جانے والی خصوصی پٹی بھی ہوگی۔

ٹکٹ کے حصول میں کامیاب ہو جانے والے سان فرانسسکو سے تعلق رکھنے والے Deka Montanya نے ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایا: ’’مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ میرا نام ان تقریبات میں شرکت کے لئے چن لیا گیا ہے۔‘‘

سٹین فورڈ یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے کہا کہ ابتداء میں اسے یقین نہیں آ رہا تھا کہ قرعہ اندازی میں اپنا نام نکلنے کے حوالے سے اسے ملنے والی ای میل اصلی ہے یا نقلی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک