1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل جیکسن کی یاد میں دو نئے پرفیوم

14 جنوری 2011

فرانس میں پرفیوم تیار کرنے والی ایک کاروباری شخصیت کی طرف سے عنقریب ہی مرحوم امریکی گلوکار مائیکل جیکسن کی یاد میں مردوں اور خواتین کے لیے دو ایسے نئے پرفیوم متعارف کرا دیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/zxVh
تصویر: AP

جولیان روآس پیرس اپنی ایک نجی کمپنی کی طرف سے خود پرفیوم تیار کرنے والے ایک فرانسیسی ماہر ہیں۔ وہ ماضی میں ہالی وڈ کی کئی فلمی شخصیات کو ٹینس کے کھیل کی تربیت بھی دے چکے ہیں۔ جولیان روآس کچھ عرصہ قبل امریکی شہر لاس ویگاس کے ایک صنعتی تجارتی میلے میں اپنی تیار کردہ خوشبوؤں کی نمائش کر رہے تھے کہ ایک نوجوان بڑی جلدی میں ان کے پاس آیا اور اس نے ان کا قلم ادھار مانگا تاکہ مائیکل جیکسن کے اہل خانہ میں سے چند ایک کے آٹوگراف لے سکے۔

جولیان روآس نے اس نوجوان کو اپنا قلم بھی دے دیا اور ساتھ ہی دو ایسے پرفیوم بھی جو مائیکل جیکسن کی ہمشیرہ اور معروف گلوکارہ جینیٹ جیکسن کو دیے جانا تھے۔ یہ دونوں پرفیوم روآس کی اپنی کمپنی کے تیار کردہ تھے۔ پھر ایک گھنٹے بعد اس فرانسیسی شہری کو لاس ویگاس میں یہ پیغام ملا کہ مائیکل جیکسن کے اہل خانہ اسے کچھ دیر بعد ایک قریبی سیلون میں ملنا چاہتے ہیں۔

Joe Jackson
مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن اس کاروبار میں برابر کے شریک ہوں گےتصویر: AP

روآس اس پر بہت خوش ہوا اور جیکسن فیملی کے ساتھ ملاقات میں جب اس کے کاروبار میں بہت دلچسپی ظاہر کی گئی تو اس نے یہ تجویز بھی پیش کردی کہ وہ مائیکل جیکسن کی یاد میں اس کے پرستاروں کے لیے مختلف نئے پرفیوم تیار کر سکتا ہے۔

اس تجویز کو عملی رنگ دینے میں زیادہ عرصہ نہ لگا اور گزشتہ دسمبر میں جولیان روآس نے امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ایک فرم کے ساتھ پارٹنرشپ میں مائیکل جیکسن کے والد کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ بھی طے کر لیا، جس کے تحت اس کی کمپنی نے محض دو ہفتوں میں دو ایسے نئے پرفیوم بھی تیار کر لیے جو امریکہ میں اسی سال مارچ میں فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔

جولیان روآس کہتے ہیں کہ اس کاروبار سے ہونے والے منافع میں وہ خود اور مائیکل جیکسن کے والد جو جیکسن برابر کے شریک ہوں گے۔ ان نئی خوشبوؤں کی تیاری میں روآس کی مائیکل جیکسن کے نیورلینڈ اور وہاں لگے مختلف ملکوں کے پودوں اور درختوں سے محبت نے مرکزی کردار ادا کیا۔یہ منفرد پرفیوم امریکہ میں قریب دو ماہ بعد سات مارچ کو لانچ کیے جائیں گے۔

Conrad Murray / Arzt / Michael Jackson
مائکل جیکسن کے زاتی معالج کونراڈ مرے جن پر مقدمہ جاری ہےتصویر: AP

ان میں سے مردوں کے لیے تیار کردہ نئی خوشبو کا نام ’جیکسنز ٹریبیوٹ‘ رکھا گیا ہے جبکہ خواتین کے لیے تیار کردہ پرفیوم کو ’جیکسنز لیجنڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ دونوں نئی مصنوعات ’یو ڈی پرفیوم‘ ہوں گی، جن کی فروخت اور تشہیر سے ہونے والی آمدنی اس کاروبار کی دونوں پارٹنر شخصیات کے علاوہ چند ایسی فلاحی تنظیموں کو بھی دی جائے گی جنہیں مائیکل جیکسن اپنی زندگی میں خود بھی عطیات دیتے تھے۔

فرانس میں پرفیوم انڈسٹری کا مرکز سمجھے جانے والے علاقے میں ’گراس‘ نامی ایک چھوٹے سے شہر سے تعلق رکھنے والے خوشبویات کی تیاری کے ایک ماہر روبینو کے بقول اس سارے منصوبے میں شریک افراد کو ہر جگہ قسمت کی دیوی مہربان ہی ملی۔ انہوں نے کہا کہ جو دو نئے پرفیوم دو ہفتوں میں تیار کر لیے گئے، عام طور پر ایسی جدت پسندانہ مصنوعات کی اولین تیاری میں کم از کم بھی ایک سال لگتا ہے۔

پیدائشی طور پر فرانسیسی شہر ’نیس‘ سے تعلق رکھنے والے جولیان روآس کی عمر اس وقت اڑتیس برس ہے اور وہ گزشتہ پندرہ برسوں سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی حال ہی میں شو بزنس کی معروف امریکی شخصیت لنڈسے لوہان نے بھی اپنی جیل سے رہائی کے بعد ان سے رابطہ کیا تھا۔ روآس کے بقول، ’لوہان چاہتی ہیں کہ میں ان کے لیے ایک نیا کمرشل پرفیوم تیار کروں، جس کا نام فریڈم ہو۔‘روآس کے مطابق ان کے ادارے کی طرف سے مائیکل جیکسن کی یاد میں تیار کردہ دونوں پرفیومز ’ٹریبیوٹ‘ اور ’لیجنڈ‘ کی خریداری کے لیے انہیں یورپ، ایشیا اور افریقہ سے آرڈر ملنا شروع بھی ہو گئے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت :سائرہ حسن