1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مارگلہ کریش : بلیک باکس مل گیا

31 جولائی 2010

تین روز قبل اسلام آباد میں تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ یہ بلیک باکس ہفتے کے دن مارگلہ کی پہاڑیوں سے ملا ہے۔

https://p.dw.com/p/OYsi
تباہ شدہ طیارہتصویر: AP

سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل جنید امین نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ ہاں، ہم نے بلیک باکس ڈھونڈ لیا ہے۔ یہ محفوظ ہے اور اس میں سے ریکارڈنگ ڈیٹا نکالا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ طیارے کے کاک پٹ میں نصب وائس ریکارڈر بھی تلاش کیا جا چکا ہے۔

پاکستانی نجی ائیر لائن ’ائیر بلیو‘ کا مسافر بردار طیارہ بدھ کی صبح مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا تھا۔ طیارے میں سوار تمام 146 مسافر اور عملے کے چھ ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

Flugzeugabsturz Pakistan Helfer vor Ort
رضا کار طیارے میں بچ جانے والوں کی تلاش میںتصویر: Humanitarian Aid Division of WILDERNESS PAKISTAN

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کی شہری انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس اور ریکارڈنگ دیٹا مل گیا گیا۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان رمضان ساجد نے کہا ہے کہ بلیک باکس سے ریکارڈنگ مواد حاصل کرنے کے لئے اسے غیر ملک بھیجا جائے گا۔ رمضان ساجد ’مارگلہ کریش‘ کی امدادی کارراوئیوں کی نگرانی بھی کر رہے تھے۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز خراب موسم کے باعث مارگلہ کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہوئی۔ یہ پرواز بدھ کی صبح کراچی سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی جبکہ حادثے سے کچھ دیر قبل ہی اس طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید