1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مافیا سے تعلق کے شبے میں 41 افراد گرفتار

9 مارچ 2011

اٹلی کے وزیر داخلہ روبیرٹو مارونی نے اُس بین الاقوامی کارروائی کو سراہا ہے، جس کے دوران جنوبی اطالوی علاقے کلابریا کے مافیا گروپ ’ندرانگیتا‘ کے 41 مشتبہ ارکان کو اٹلی، جرمنی، کینیڈا اور آسٹریلیا میں گرفتار کر لیاگیا۔

https://p.dw.com/p/10VbM
مافیا کارکن کی گرفتاری، فائل فوٹوتصویر: dpa

مارونی نے کہا کہ پولیس کی یہ کارروائی ’استثنائی طور پر اہم ہے کیونکہ اِس کے نتیجے میں ’ندرانگیتا‘ کے اٹلی کے اندر اور بیرون ملک مفادات کو سخت دھچکہ پہنچا ہے‘۔

حراست میں لیے گئے افراد میں سے ایک ٹونی والے لونگا ہے، جسے آسٹریلوی قصبے سٹرلنگ کے سابقہ میئر کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ اِدھر جرمنی میں جن چھ مشتبہ مافیا ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے، اُن میں ’ندرانگیتا‘ کا ایک مقامی لیڈر برونو نیسٹسی بھی شامل ہے۔ تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ 43 سالہ نیسٹسی فرینکفرٹ میں رہ رہا تھا اور اُس کا کام جرمنی میں اِس جرائم پیشہ تنظیم کی سرگرمیوں کو مربوط بنانا تھا۔ دیگر پانچ افراد کو جنوب مغربی جرمن شہر کونسٹانزے میں حراست میں لیا گیا۔

تفتیش میں مصروف پولیس افسران کے مطابق مختلف ممالک میں مشتبہ افراد کی گرفتاری سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ ’ندرانگیتا‘ نے، جس کا ہیڈکوارٹر جنوبی اٹلی کے علاقے کلابریا میں ہے، گزشتہ برسوں کے دوران کیسے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کا دائرہ پھیلا دیا ہے۔

Flash-Galerie Italien Razzia Mafia
آٹھ مارچ کو جنوبی اٹلی میں مافیا کے لیے مبینہ طور پر کام کرنے والے گیووانی پرونیستی کی گرفتاری کا ایک منظرتصویر: AP

منگل کو ہونے والی گرفتاریوں کے پیچھے کلابریا کے علاقے کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی تحقیقات کارفرما ہیں۔ اِس پولیس کے چیف پراسیکیوٹر جوزیپے پگناٹونے نے بتایا:’’بین الاقوامی سطح پر منشیات کی تجارت ہی کے حوالے سے نہیں بلکہ اپنا مافیا ڈھانچہ قائم کرنے کے حوالے سے بھی اس تنظیم کی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔‘‘

پرائیویٹ نشریاتی ادارے ریڈیو 24 کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں پگناٹونے نے کہا:’’کلابریا میں اِس تنظیم کا جو بھی ڈھانچہ ہے، بیرونِ ملک اُس ڈھانچے کی ہو بہو نقل کی گئی ہے۔‘‘ پگناٹونے کے مطابق بیرونِ ملک موجود اِس تنظیم کے ارکان ہمیشہ کلابریا کی مرکزی تنظیم کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں اور وقتاً فوقتاً اِس اطالوی علاقے کا دورہ بھی کرتے ہیں تاکہ ہدایات وصول کر سکیں اور مل جُل کر آئندہ کی حکمتِ عملی ترتیب دے سکیں۔

’ندرانگیتا‘ بین الاقوامی سطح پر 2007ء میں شہ سُرخیوں میں آئی تھی، جب مغربی جرمن شہر ڈوئیزبرگ میں ایک ریستوران میں متحارب جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چھ اطالوی شہری مارے گئے تھے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں