1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالاکنڈ آپریشن: صوفی محمّد کا بیٹا ہلاک

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: عدنان اسحاق7 مئی 2009

پاکستان کے شمال مغربی سرحدی علاقے مالاکنڈ ڈویژن میں جاری فوجی آپریشن میں جمعرات کے روز مولانا صوفی محمّد کا ایک بیٹا ہلاک ہوگیا ہے۔ ادھر ریڈ کراس تنظیم کے مطابق مالاکنڈ میں شدید انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/HlAP
فوجی آپریشن میں صوفی محمّد کے داماد کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

اس خبر کی تصدیق زرائع ابلاغ کو کلعدم اسلامی تنظیم تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کے رہنما مولانا صوفی محمّد کے گھر والوں نے کی ہے۔

Scharia Einführung im nordpakistanischen Swat-Tal
نظامِ عدل معاہدے کی پاکستانی پارلیمان سے منظوری کے بعد سوات میں تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کے رہنما اپنے حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: dpa/picture-alliance


واضح رہے کہ فوی آپریشن کے شروع ہونے کے چند روز بعد مولانا صوفی محمّد سوات سے دیر کے علاقے میں منتقل ہوگئے تھے۔ ان کے ایک بیٹے کفایت اللہ لوئر دیر کے علاقے میں ہی ہلاک ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی میں تین سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

Flucht aus dem Swat-Tal
جنگ کی وجہ سے لاکھوں افراد سوات اور ملحقہ علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیںتصویر: AP


تحریکِ نفاذِ شریعتِ محمّدی کے ترجمان امیر عزّت خان کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائی میں مولانا صوفی محمّد کے داماد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ مولانا صوفی محمّد حالیہ فوجی آپریشن کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں بصورتِ دیگر حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان فروری میں ہونے والا نظامِ عدل سے متعلق معاہدے کے ختم ہوجانے کا خطرہ ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ اپنے بیٹے کی ہلاکت کے بعد مولانا صوفی محمّد معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کریں گے یا نہیں۔

Dreiergipfel Washington
بدھ کے روز واشنگٹن میں امریکی صدر اوباما نے پاکستانی صدر زرداری اور افغان صدر کرزئی سے ملاقات کیتصویر: AP


امریکہ اور دیگر مغربی ممالک نے فروری میں ہونے والے حکومت اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر شدید تنقید کی تھی اور ان کا موقف ہے کہ اس سے طالبان کو منظّم اور مضبوط ہونے کا موقع ملا ہے۔

دوسری جانب عسکریت پسندوں نے چمعرات کے روز گمبار کے علاقے میں بارہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کی پاکستانی افواج یا حکومت کی طرف سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

گزشتہ روز واشنگٹن میں پاکستانی صدر آصف زرداری اور افغان صدر حامد کرزئی نے امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات میں القاعدہ اور طالبان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر کے مطابق القاعدہ اور اس کے حلیفوں کے خلاف تینوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔ پاکستانی صدر کا کہنا ہے کہ طالبان کو شکست دی جائے گی چاہے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔

ادھر انٹرنیشنل ریڈ کراس نے مالاکنڈ آریشن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی انسانی حقوق کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگی قوانین کی پاسداری کریں۔ طالبان اور فوج کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں لاکھوں افراد مختلف علاقوں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور وہ ارد گرد کے علاقوں میں پناہ گزینوں کے لیے قائم کیمپوں میں جمع ہو رہے ہیں۔