1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے جی سیون ممالک کا عزم

11 اکتوبر 2008

صنعتی طور پر ترقّی یافتہ ممالک جی سیون کے وزرائے خزانہ نے مالیاتی بحران سے باہر نکلنے اور اس کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/FY0M
صنعتی طور پر ترقی یافتہ ممالک کے وزرائے خزانہتصویر: AP

واشنگٹن منعقدہ اجلاس کے بعد جی سیون ممالک کے وزرائےخزانہ نے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے تمام زرائع بروئے کار لاتے ہوئے فیصلہ کن اقدامات کئے جائیں گے۔ جی سیون ممالک میں امریکہ، جاپان، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی اور کینیڈا شامل ہیں۔ اس سےقبل امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے حالیہ مالیاتی بحران کی وجہ غیر یقینی اور خوف کی صورتِ حال کو قرار دیا اور کہا کہ امریکی حکومت جارحانہ طور پر اس بحران سے امریکی عوام کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

دوسری جانب جرمن اخبار ’دی ویلٹ‘ کے مطابق جرمنی کی حکومت اپنے مالیاتی اداروں کے تحفظ کے لیے برطانیہ کی طرز کے بیل آؤٹ پلان پر غور کر رہی ہے۔ جرمن حکومت کے مطابق مختلف امکانات پر غور کرنا اس کی زمہ داری ہے تاہم مالیاتی اداروں کے بچاؤ کے لیے وہ ابھی کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچی ہے۔ ’دی ویلٹ‘ کے مطابق برطانیہ کی طرز کے بیل آؤٹ پلان پر جرمن چانسلر کی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی میں اختلافات پائے جاتے ہیں۔

گزشتہ روز عالمی بازارِ حصص میں مجموعی طور پر شدید مندی دیکھنے میں آئی۔ نیویارک میں لگاتار آٹھویں روز بھی ڈاؤ جونز انڈیکس میں اٹھارہ فیصد مندی دیکھنے میں آئی جب کہ یورپی بازارِ حصص میں بھی گراوٹ رونما ہوئی ہے۔ فرینکفرٹ ڈی اے ایکس دن کی شروعات پر دس فیصد خسارے میں تھا جب کہ دن کہ اختتام پر سات فیصد خسارے پر بند ہوا۔ سی اے سی پیرس فورٹی آٹھ فیصد جب کہ ایف ٹی ایس ای لندن کو نو فیصد مندی کا سامنا رہا۔ انیس سو ستاسی میں بازارِ حصص میں تاریخی گراوٹ کے بعد ایف ٹی ایس ای لندن کا ایک دن میں یہ سب سے بڑا گھاٹا ہے۔