1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالی ميں خاتون امدادی کارکن اغواء: فرانس کی تصديق

عاصم سلیم
25 دسمبر 2016

افريقی ملک مالی کے شمالی حصے ميں ايک امدادی گروپ سے منسلک ايک فرانسيسی خاتون کارکن کو اغواء کر ليا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UrCZ
Mali Stadt Gao
تصویر: Getty Images/AFP/P. Guyot

فرانسيسی حکام نے مالی کے شمالی شہر گاؤ ميں سوفی پيٹرونن نامی امدادی کارکن کے اغواء کی تصديق کر دی ہے۔ دارالحکومت پيرس سے فرانسيسی وزارت خارجہ نے اس سلسلے ميں آج بروز اتوار جاری کردہ اپنے بيان ميں کہا ہے کہ فرانسيسی اور مالی کے متعلقہ ادارے مل کر کام کر  رہے ہيں تاکہ مغوی خاتون کو جلد از جلد ڈھونڈ کر رہائی دلائی جا سکے۔ پيٹرونن کو ہفتے يعنی چوبيس دسمبر کے روز اغواء کيا گيا تھا۔

سوفی پيٹرونن، خوراک کی عدم دستيابی کا شکار بننے والے بچوں کی صحت يابی کے ليے کام کرنے والی ايک غير سرکاری تنظيم کی ڈائريکٹر کے طور پر کام کر رہی تھيں۔ حکام کے بقول وہ پيٹرونن کے اہل خانہ کے ساتھ رابطے ميں ہيں۔

قبل ازيں ہفتے کے روز مالی کے حکام نے ايک فرانسيسی اور سوئس شہريت کی حامل خاتون کے اغواء کی خبر جاری کی تھی تاہم تاحال اس کی تصديق نہيں ہو سکی ہے کہ سوفی پيٹرونن دوہری شہريت کی حامل ہيں۔ مالی کے ايک سکيورٹی ذرائع نے بتايا، ’’ہم نے فوری طور پر سرچ آپريشن شروع کر ديا تھا۔‘‘ تاحال يہ بھی واضح نہيں کہ انہيں کس طرح اور کن حالات ميں اغواء کيا گيا تھا۔

يہ امر اہم ہے کہ مالی کے شمالی حصے پر مارچ سن 2012 ميں دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ سے منسلک مقامی گروہ قابض ہو گئے تھے۔ تاہم اگلے ہی برس فرانسيسی قيادت ميں ايک فوجی آپريشن کے ذريعے بڑے شہروں سے ان شدت پسندوں کو باہر دھکيل ديا گيا تھا۔ گزشتہ برس نسلی طوارق باغيوں اور حکومت کے مابين طے ہونے والے ايک امن معاہدے کے باوجود مالی ميں قريب ہر ہفتے ہی سکيورٹی دستوں کو نشانہ بنايا جاتا ہے ليکن وہاں اس نوعيت کی اغواء کی کارروئياں شاز و نادر ہی ہوتی ہيں۔