1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تاريخ

ماں اور دو بچے سیلاب میں ڈوب گئے، ایک بچی محفوظ

بینش جاوید
4 اپریل 2017

آسٹریلوی حکام نے بتایا ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز میں سیلاب کے بعد کیے جانے والے امدادی آپریشن میں ایک خاتون اور اس کے دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2aeV3
Australien Wirbelsturm Debbie Auswirkungen
تصویر: Getty Images/AFP/P. Hamilton

گزشتہ روز اس خاتون کی کار سیلاب کی وجہ سے دریائے ٹویڈ میں گر گئی تھی۔ اس حادثے میں 43 سالہ ماں، اس کا سات سالہ بیٹا اور گیارہ سالہ بیٹی پانی میں ڈوب گئے تھے۔ تاہم اس کار میں سوار اس خاتون کی آٹھ سالہ بیٹی محفوظ رہی تھی۔ اس لڑکی نے  گاڑی سے چھلانگ لگا دی تھی۔ اس علاقے کے پولیس انسپیکٹر مک ڈیمپسی نے اس واقعہ کے حوالے سے رپورٹرز کو بتایا،’’  یہ بچی اس افسوس ناک واقعہ کے باعث ذہنی طور پر کافی متاثر ہے۔‘‘

   بتایا گیا ہے کہ چار ماہرغوطہ خوروں نے ان لاشوں کو منگل کی شام دریا سے نکالا۔ نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق، ’’سیلاب کے باعث آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں حالات کافی سنگین ہیں اور کئی سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور خطرناک ہو گئی ہیں۔‘‘

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ٹمب گلم علاقے میں صرف 400 افراد رہائش پذیر ہیں اور سیلاب کے باعث یہاں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔  سیلاب کی وجہ سے ہونے والے مختلف واقعات کے باعث سات افراد مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ  گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کی ریاست سدرن کوئنز لینڈ میں سائیکلون ڈیبی نے بھی مقامی افراد کو متاثر کیا تھا۔  نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ سمیت کئی ساحلی شہروں کو سائیکلون، بارشوں اور سیلاب نے بری طرح متاثر کیا ہے۔