1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مجھے صوبہ سر حد کاوزیر اعلی بنائے جانے کا فیصلہ متفقہ ہے : حیدر خان ہوتی

29 فروری 2008

عوامی نیشنل پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی نے امیر حیدر خان ہوتی کو صوبہ سرحد کے وزیر اعلی کے عہدے کے لئے نامزد کر دیا ہے جبکہ بشیر احمد بلور صوبائی پارلیمانی راہنما ہوں گے ۔

https://p.dw.com/p/DYEU

صوبہ سرحد کے نامزد وزیر اعلی امیر حیدر خان ہوتی نے ڈویچے ویلے کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ صوبائی خود مختاری ، اقتصادی ترقی ، تعلیم اور صحت جیسے مسائل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

امیر خان ہوتی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ پاکستان کے قبایلی علاقہ جات میں سیاسی عمل کی کافی گنجائش ہے لیکن سابقہ حکومت کی غلط حکمت عملی کے نتیجے میں حالات مزید خراب ہوئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر دوبارہ موجودہ سیاسی اتحاد میں ایکدوسرے کو اعتماد میں نہ لیا گیا اور ماضی کی غلطیاں دہرائی گئیں تو یہ نہ صرف صوبہ سرحد بلکہ پاکستان کے لئے بھی نقصان دہ ہو گا۔

عدلیہ کی بحالی پر پوچھے گئے سوال پر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ہمیں معزول عدلیہ کی بحالی پر زیادہ توجہ دینے سے زیادہ اس ادارے کو مضبوط بنانے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد ہی پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق اپنے تحفظات پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک معتبر سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن ان کی نامزدگی میںان کے گھرانے کا کوئی عمل دخل نہیں بلکہ عوامی نیشنل پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔