1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'مجھے عورتوں سے نفرت ہے‘

بینش جاوید19 اگست 2016

پاکستان کے شہر راولپنڈی میں خواتین پر خنجر سے حملہ کرنے والے شخص نے پولیس کی تحویل میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔ اس شخص کا کہنا ہے کہ اس نے عورتوں پر اس لیے حملے کیے کیوں کہ اسے عورت ذات سے نفرت ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jlej
Symbolbild Mord Ehrenmord Messer
تصویر: bilderbox

گزشتہ ہفتے پولیس نے راولپنڈی سے محمد علی نامی اس شخص کو گرفتار کر لیا تھا جو اس برس کے آغاز سے کئی عورتوں پر خنجروں سے حملہ کر چکا ہے۔ راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ کا رہائشی یہ شخص رات کے وقت گھر سے باہر نکلنے والی خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس شخص کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق اس شخص کو حراست میں لینے میں کامیابی اُس خاکے کی بدولت ہوئی ہے، جو ایک عینی شاہد کی جانب سے فراہم کی جانے والی تفصیلات کی مدد سے بنایا گیا تھا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد علی کا کہنا ہے کہ عورتوں پر چاقوؤں سے حملے اُس نے اکیلے کیے اور ان حملوں میں اس کےعلاوہ کوئی اور ملوث نہیں تھا۔ اس شخص نے پولیس کو بتایا:’’عورتوں پر خنجروں سے حملہ کر کے مجھے سکون ملتا تھا۔‘‘

پولیس کے مطابق محمد علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کی سوتیلی ماں نے بچپن میں اس پر ظلم و جبر کیا جبکہ جس خاتون سے اُس نے محبت کی تھی، اُس نے محمد علی کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اس شخص کی جانب سے زیادہ تر حملے راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں کیے گئے۔ پولیس کے مطابق اس علاقے کے رہائشی کافی عرصے سے انتہائی خوف زدہ تھے۔ اس سال فروری سے لے کر اب تک یہ شخص 32 عورتوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔ ایک حالیہ واقعے میں اس شخص نے ایک نرس کو خنجر کے وار کرتے ہوئے قتل اور دو کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں