1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محبوب کا دل نکالنے والی کے لیے موت کی سزا

افسر اعوان29 مارچ 2016

ایک بنگلہ دیشی عدالت نے اُس نوجوان خاتون کو سزائے موت سنائی ہے جس نے اپنے محبوب کا گلا کاٹنے کے بعد اُس کا سینہ چیر کر اُس کا دل نکال لیا تھا۔ یہ بات استغاثہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1ILFx
تصویر: picture-alliance/dpa/Stringer

استغاثہ کے وکیل قاضی شبیر احمد کے مطابق 21 سالہ فاطمہ اختر سونالی نے اپنے محبوب کا قتل بدلے کے طور پر کیا، جو نہ صرف اس کے ساتھ جنسی تعلقات کی خفیہ ویڈیو ریکارڈنگ کرتا رہا بلکہ اُس سے شادی سے بھی انکار کر دیا۔

احمد کے مطابق سونالی نے اس شخص کے لیپ ٹاپ پر دیگر خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات کی ویڈیو فوٹیج بھی دیکھی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے شبیر احمد کا کہنا تھا، ’’ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے کہ کسی خاتون کو سزائے موت سنائی جائے، مگر اس کا کیس بہت ہی غیر معمولی ہے۔‘‘

وکیل استغاثہ کا مزید کہنا تھا، ’’اس نے عدالت کے سامنے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے محبوب امداد الحق شیپون کو اُس سے شادی کرنے سے انکار اور اُن کے درمیان جنسی تعلق کی ویڈیو ریکارڈنگ اپنے لیپ ٹاپ پر رکھنے کی وجہ سے قتل کیا۔‘‘

اے ایف پی کے مطابق جج نے سونالی کو موت کی یہ سزا پیر 28 مارچ کو ملک کے جنوب مغربی شہر کھلنا کی ایک عدالت میں سنائی جو فیصلے کے وقت لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔

سونالی کو موت کی یہ سزا پیر 28 مارچ کو ملک کے جنوب مغربی شہر کھلنا کی ایک عدالت میں سنائی جو فیصلے کے وقت لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی
سونالی کو موت کی یہ سزا پیر 28 مارچ کو ملک کے جنوب مغربی شہر کھلنا کی ایک عدالت میں سنائی جو فیصلے کے وقت لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیتصویر: Getty Images/AFP/M. Uz Zaman

اپنے اعترافی بیان میں سونالی نے بتایا کہ اُس نے ایک سافٹ ڈرنک میں نیند کی 20 گولیاں ڈال کر 28 سالہ شیپون کو پلائی جو ایک ہسپتال میں لفٹ آپریٹر کے طور پر پارٹ ٹائم ملازمت کرتا تھا۔ جب وہ گہری نیند میں چلا گیا تو سونالی نے اُس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور پھر اُس کا گلا کاٹ کر اسے قتل کر دیا۔ بعد ازاں سونالی نے اس کا سینہ چاک کر کے اس کا دل باہر نکال دیا۔

وکیل استغاثہ اختر احمد کے مطابق، ’’اُس نے عدالت کو بتایا کہ وہ یہ دیکھنا چاہتی تھی کہ اُس کا دِل آخر کتنا بڑا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اِس طرح کے جرائم کرنے کے لیے ایک مرد کا دل بہت بڑا ہونا چاہیے۔‘‘

سونالی نے یہ قتل مارچ 2014ء میں کیا تھا اور گزشتہ روز اُسے سنائی جانے والی سزائے موت کے خلاف وہ ملکی ہائیکورٹ میں اپیل کرنے کا حق رکھتی ہے۔ بنگلہ دیش کی جیلوں کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹیپو سلطان کے مطابق اگر سونالی کی سزائے موت پر عمل ہوا تو وہ بنگلہ دیش میں پہلی ایسی خاتون ہو گی جسے سزائے موت دی جائے گی۔