1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد عامر کو ویزا مِل گیا

افسر اعوان7 جنوری 2016

پاکستانی فاسٹ بالر اور اسپاٹ فکسنگ میں سزا پانے والے محمد عامر کو نیوزی لینڈ کا ویزا مِل گیا ہے۔ اس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کے کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HZai
تصویر: Getty Images/AFP/G. Guercia

محمد عامر 2011ء میں اسپاٹ فکسنگ ميں ملوث پائے جانے کے باعث انگلینڈ میں تین ماہ سزائے قید بھی کاٹ چکے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے ان پر پانچ برس تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جو چار ماہ قبل ہی ختم ہوئی ہے۔ پابندی کا وقت مکمل ہونے کے بعد انہیں نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے منتخب کیے گئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم ٹیم میں ان کی حتمی شمولیت امیگریشن نیوزی لینڈ (INZ) کی جانب سے ان کو ویزا ملنے سے مشروط کر دی گئی تھی۔ اس دورے کے دوران پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔

INZ کے ایریا منیجر مائیکل کارلی نے میڈیا کو بتایا کہ محمد عامر کو وزیٹر ویزا دیا گیا ہے، ’’یہ فیصلہ کرتے ہوئے INZ نے نیوزی لینڈ اور پاکستانی کرکٹ بورڈ کی سپورٹ کے علاوہ مختلف عوامل پر غور کیا اور یہ بھی کہ مسٹر عامر اپنے ماضی ميں کيے اپنے ايک عمل کی سزا بھگت چکے ہیں۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جب محمد عامر کو پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا تو نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکلم نے کہا تھا کہ انہیں عامر کا سامنا کرنے میں کوئی اعتراض نہیں۔

اسکینڈل سے قبل محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک اثاثہ قرار دیے جاتے تھے۔
اسکینڈل سے قبل محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک اثاثہ قرار دیے جاتے تھے۔تصویر: AP

میکلم نے ریڈیو سپورٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا، ’’وہ اس وقت بہت نوجوان تھا اور میرا خیال ہے کہ وہ بحالی کے ایک مکمل عمل سے گزرا ہے۔ اور اب جبکہ وہ ہمارے خلاف میدان میں اترا ہے تو آپ اسے ایک کھلاڑی سمجھ کر اس کے خلاف کھیلیں نہ کہ ایک ایسا فرد سمجھ کر جو نوجوانی میں کچھ غلطیاں کر چکا ہے۔‘‘

2011ء میں انگلینڈ میں کھیلی جانے والی سیریز کے دوران محمد عامر اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا شکار ہوئے تھے جس میں ان کی ٹیم کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بالر محمد آصف بھی شامل تھے۔ اس اسکینڈل سے قبل محمد عامر بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک اثاثہ قرار دیے جاتے تھے۔

عامر نے 14 ٹیسٹ میچوں میں 51 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 15 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 23 وکٹیں لی تھیں۔ اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی وہ 18 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آکلینڈ میں 15 جنوری کو کھیلے گی۔