1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مخصوص حالات میں کم خوابی بھی زیادہ وزن کا سبب

11 جولائی 2011

یہ سچ ہے کہ زیادہ سونا، کھانا اور کم ورزش کسی بھی انسان کے وزن میں اضافے کا سبب بنتے ہیں لیکن اب ماہرین نے ایسی نئی ریسرچ مکمل کر لی، جس کے مطابق مخصوص حالات میں کم سونا بھی وزن میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/11sor
تصویر: DW

امریکہ میں نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی روئٹرز نے نیند کی وجہ سے پیدا ہونے والے جسمانی اور نفسیاتی مسائل پر تحقیق کرنے والے امریکی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ کم خوابی کا جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ بہرحال ایک واضح تعلق موجود ہے۔

Teller Messer Gabel Besteck Pillen Medikamente
تحقیق کے مطابق وزن بڑھنے کا تعلق محض خوراک ہی سے نہیںتصویر: Fotolia/Jasmin Merdan

پنسلوانیا یونیورسٹی کے نیند سے متعلقہ امور اور مسائل کا طبی مطالعہ کرنے والے ایک ماہر مائیکل گارڈنر کے بقول بہت تھوڑی نیند لینے والے افراد اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقابلتاﹰ زیادہ خوراک کھاتے ہیں۔ لیکن اگر وہ اس طرح اپنے جسم کا حصہ بننے والی زیادہ کیلوریز کو استعمال نہ کریں تو ان میں سے اکثر کو وزن میں اضافے کا سامنا رہتا ہے۔

اس طرح یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کم خوابی کا مخصوص شرائط کے تحت جسمانی وزن میں اضافے سے تعلق تو ہے تاہم یہ قطعاﹰ لازمی نہیں کہ صرف بہت کم سونا ہی اپنے طور پر موٹاپے کی وجہ بنے۔

مائیکل گارڈنر کے بقول ابھی اس بارے میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے کہ کم خوابی یا بے خوابی کے جسمانی وزن پر اثرات کی طبی تفصیلات کیا ہیں اور ان کے نتائج کس طرح سامنے آتے ہیں۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ وزن کم ہو یا زیادہ، انسانی جسم کو مناسب حد تک نیند کی ضرورت ہوتی ہے اور ’کافی نیند ہر انسان کی ترجیح ہونی چاہیے‘۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں