1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مردوں کے گنجے پن کی وجوہات

6 جنوری 2011

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے مردوں کے اندر گنجے پن کی وجوہات کا پتہ چلا لیا ہے۔ یہ معاملہ محض بالوں کی کمی کا نہیں بلکہ ان بالوں کے سائز کا ہے، جو مردوں کے سر پر اگتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/zuL9
تصویر: DW-TV

گنجے پن کی طرف مائل مردوں کے سر پر نئے نکلنے والے بالوں کا سائز اتنا چھوٹا ہوتا ہے کہ وہ انسانی آنکھوں سے دکھائی نہیں دیتے۔

اس سلسلے میں ’جرنل آف کلینیکل انویسٹیگیشن‘ کو نئی تحقیق کی تفصیلات بتاتے ہوئے امریکی محققین کی ایک ٹیم نے کہا کہ مردوں کی صاف چندیا یا گنجے پن کی وجہ دراصل وہ سٹیم سیلز ہوتے ہیں، جن سے نئے بال جنم لیتے ہیں۔ طبی محققین کا ماننا ہے کہ ان سٹیم سلز کی نارمل فنکشننگ کو بحال کر کے مردوں کے گنج پن کو دور کیا جا سکتا ہے۔

Haarausfall
مردوں کے سر کے بال جھڑنے سے بھی گنجے پن پیدا ہو جاتا ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی طبی محققین نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد یا بدیر ایک ایسی کریم ایجاد کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، جسے چندیا پرملنے سے مردوں کے سر کے سٹیم سیلز کی نشوونما ہو گی اور اس طرح ان کے گنجے سروں پر بال اگنا شروع ہو جائیں گے۔

امریکہ کی پینسیلوینیا یونیورسٹی کے طبی محققین نے ایسے مردوں کے گنجے سروں پر تحقیق کی، جو ’ہئیر ٹرانسپلانٹ‘ کے عمل سے گُزر رہے ہیں۔ انہوں نے مردوں کی کھوپڑی کے اُن حصوں میں پائے جانے والے غدود کا، جن میں کچھ بال موجود ہوتے ہیں، تقابل سر کے ان حصوں کے غدود سے کیا، جو بالکل گنجے ہوتے ہیں۔ محققین کو پتہ چلا کہ اگرچہ بالوں سے بالکل خالی حصے میں بھی بال پیدا کرنے والے سٹیم سیلز اسی مقدار میں پائے گئے، جتنے کے مردوں کی کھوپڑی کے اُس حصے میں تھے، جہاں بالوں کی نشوونما نارمل نظر آرہی تھی۔ فرق یہ تھا کہ بالوں سے بالکل خالی جگہوں پر اُن سیلز کی مقدار بہت کم پائی گئی، جو پختہ ہوتے ہیں، انہیں ’پروجینیٹر‘ سیلز کہا جاتا ہے۔

Medizinisches Testosteron
مردوں کے ہارمون Testosterone کو انجکشن کے ذریعے بھی دیا جا سکتا ہےتصویر: dpa/PA

امریکہ کی پینسیلوینیا یونیورسٹی کے ڈرمیٹولوجی کے شعبے سے منسلک ماہر ڈاکٹرجارج کوٹساریلس کے بقول ’مسئلہ دراصل سٹیم سیلز کے فعال نہ ہونے کا ہے۔ یہی وہ سیلز ہوتے ہیں، جو ’پروجینیٹرسیلزکو گنجے پن میں تبدیل کر دیتے ہیں‘۔ تاہم محققین پُرامید ہیں کہ وہ جلد کوئی ایسا طریقہ کاروضح کر لیں گے، جس کی مدد سے بیکارسٹیم سلز کو فعال بنایا جا سکے گا۔

اب تک طبی مححقین کے لئے بھی یہ امر ایک معمہ بنا ہوا تھا کہ آخر مردوں کے سر کے کچھ حصے پر بال نظر آتے ہیں اور کچھ حصے بالکل صاف اور گنجے پن کا شکار کیوں ہوتے ہیں۔ محققین اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مردوں کے گنجے پن کی دو اہم وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ایک تو یہ خاندانی مسئلہ ہو سکتا ہے، دوسرا مردوں میں پائے جانے والے ’Testosterone ہارمون‘ کا نارمل نہ ہونا۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عاطف توقیر