1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مرلی کا ریکارڈ ، اور جے سوریا کا ’ گوڈ بائے ‘

5 دسمبر 2007

کینڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو88 رنز سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/DYMZ

اس ٹیسٹ میچ میں دو اہم باتیں ، اس ٹیسٹ کے دوران جارحانہ افتتاحی بلے باز جے سوریا نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر آباد کہدینے کا فیصلہ کیا اور آف اسپنر مرلی دھرن نے 709 وکٹیں لے کر ، ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کا 708 وکٹوں کا ریکارڈ توڑا۔
جے سوریا نے اپنے کیریئر کے اختتام پر کہا کہ ’ یہ صحیح وقت ہے ریٹائر ہونے کا ‘ ۔ انہوں نے اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں 78 رنز اسکور کئے۔ اس ٹیسٹ کو جیتنے کے لئے انگلینڈ کو سری لنکا نے 350 رنز کا ہدف دیا تھا جبکہ انگلینڈ کی پوری ٹیم 261 رنز پر سمٹ گئی۔ تین میچوں کی سیریز کا یہ پہلا ٹیسٹ تھا۔ کینڈی ٹیسٹ میں کمارا سنگاکارا کو ان کی بہترین بیٹنگ کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا اور مرلی دھرن نے اس ٹیسٹ میں کل 9 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری طرف پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز میں، پاکستان نے قائم مقام کپتان یونس خان کی بروقت اور دلکش سنچری کی بدولت بھارت کے خلاف اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ میں کھیل کے آخری دن پاکستان کو جیت کے لئے 345 رنز کا ٹارگیٹ دیا‘ جس کے جواب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ یونس خان 107 رنز پر جبکہ محمد یوسف 44 رنز پر آخر تک ناٹ آوٹ رہے۔ اس سے قبل بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بناکر اپنی اننگز ڈکلئیر کردی تھی۔ بھارتی افتتاحی بیٹسمین‘ وسیم جعفر نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچری سکور کی۔ جعفر نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری سکور کی تھی۔ انہیں اپنی بہترین بیٹنگ کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اس ٹیسٹ میچ میں کل چھہ سنچریاں بنی‘ جس میں بھارت اور پاکستان‘ دونوں ہی ٹیموں کی تین تین سنچریاں شامل ہیں۔ تین ٹیسٹ کی سیریز میں بھارت کو 1 صفر کی برتری حاصل ہے۔