1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مستقبل میں پاکستان کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہوگا

19 جون 2010

دانشوروں کا خیال ہے کہ پاکستان پانی کے شدید بحران کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور اگر اس مسئلے کا کوئی بروقت حل نہ کیا گیا، تو ملک بدترین قحط کا شکار ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر یہ صورتحال کسی جنگ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/NxBI
تصویر: AP

واشنگٹن کے ووڈرو وِلسن انٹرنیشنل سینٹر فار سکالرز کے جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا پروگرام کے محقق مائیکل کوگلمین کے مطابق اب پاکستانی زراعت اور آبادی کا زیادہ تر انحصار صرف ایک دریا پر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کا نظام پانی کی قلت سے متاثر ہو رہا ہے اور رفتہ رفتہ اس کمی کے اثرات پاکستان میں خوراک کی صورتحال کو مزید خراب کریں گے۔ کوگلمین کا کہنا ہے کہ زراعت کو پہنچنے والے نقصان کے باعث پاکستان کی 180 ملین کی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کوگلمین کا کہنا ہے کہ پاکستان دستیاب پانی کا 90 سے 95 فیصد زرعی مقاصد کے لئے استعمال کرتا ہے۔

Pakistan Wasserversorgung
’پاکستان میں تقریبا 55 ملین افراد کو صاف پانی دستیاب نہیں۔‘تصویر: ap

امریکی نائب وزیر برائے سفارت و بین الاقوامی تعلقات ماریہ اوتیرو نے خبررساں ادارے روئٹرز سے بات چیت میں کہا کہ دیگر ترقی پزیر ممالک دستیاب پانی کا 70 سے 75 فیصد زراعت کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ اوتیرو کے مطابق پاکستان اپنے میٹھے پانی کا صرف 40 فیصد واقعی استعمال کرتا ہے جبکہ زیادہ تر پانی متعدد وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے۔ امریکی نائب وزیر اسلام آباد کے اپنے پہلے دورے پر تھیں۔ ان کا یہ دورہ پاک امریکہ سٹریٹیجک مذاکرات کے سلسلے میں واٹر ورکنگ گروپ پر بات چیت کے سلسلے میں تھا۔

BdT Welt Tag des Wassers
پاکستان کا زیادہ تر انحصار اب صرف دریائے سندھ کے پانی پر ہےتصویر: AP

مائیکل کوگلمین کا کہنا ہےکہ پاکستان میں تقریبا 55 ملین افراد کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے اور صرف کراچی شہر میں ہر سال 30 ہزار افراد کی موت کا سبب یہی غیر شفاف پانی ہے۔

پاکستان کی آبادی سب سے زیادہ انحصار کوہ ہمالیہ کے گلیشیرز سے نکلنے والے دریائے سندھ پر کرتی ہے۔ سائنسدانوں کا خیال کے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اگلے چند برسوں میں دریائے سندھ کے حجم میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان میں دیگر دریا بھارت سے داخل ہوتے ہیں اور پاکستان بھارت پر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں