1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مستقل ذہنی دباؤ کا نتیجہ: غلط فیصلے

رپورٹ: امجد علی، ادارت: شامل شمس31 جولائی 2009

چوہوں پر تجربات سے سائنسدانوں نے پتہ چلایا ہے کہ یہ جانور مستقل ذہنی دباؤ کے نتیجے میں عادت کے غلام بن جاتے ہیں اور کسی بحرانی صورتِ حال میں بہترین حل کی بجائے اُس حل کا انتخاب کرتے ہیں، جس سے وہ پہلے سے آگاہ ہوتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/J0ZB
تصویر: picture alliance / dpa

امریکی جریدے ’’سائنس‘‘ میں پرتگال کے سائنسدانوں ایڈوآرڈو دیاس فیریرا ا ور نُونو سُوسا نے یہ بھی بتایا ہے کہ ذہنی دباؤ کے نتیجے میں چوہوں کے دماغ کی ساخت میں بھی تبدیلی واقع ہوئی۔ پرتگال کی براگا یونیورسٹی سے وابستہ اِن محققین نے اپنی تحقیق کے لئے 28 نَر چوہوں پر تجربات کئے۔

اِن چوہوں کو ذہنی دباؤ سے دوچار کرنے کے لئے اُنہیں تین ہفتوں تک دن میں ایک بار پانی میں پھینکا گیا۔ اُن کی نقل و حرکت محدود بنا دی گئی یا اُنہیں دَس منٹوں کے لئے کسی ایسے چوہے کے ساتھ بند کر دیا گیا، جو جسمانی اعتبار سے اُن سے ذرا طاقتور تھا۔ عام حالات میں یہ چوہے کسی ایک درست بٹن کو دباتے تھے تو انعام کے طور پر اُنہیں کھانے کے لئے کوئی مزیدار شَے ملا کرتی تھی۔ محققین اب یہ جاننا چاہتے تھے کہ کیا ذہنی دباؤ کی صورت میں بھی یہ چوہے درست بٹن کا انتخاب کر سکیں گے۔

Flash-Galerie Feinde am Arbeitsplatz
تصویر: picture-alliance / dpa

پرتگیزی سائنسدانوں کے مطابق اِن تجربات کے نتائج سے یہ بات واضح ہو کر سامنے آئی کہ ذہنی دباؤ نے چوہوں کی قوتِ فیصلہ کو نمایاں طور پر متاثر کیا تھا۔ اِن چوہوں کی اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھنے کی شرح بہت کم رہی اور وہ بار بار غلط بٹن کو دباتے رہے۔

اِن محققین کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے ذہنی دباؤ کے شکار چوہوں کے دماغ کی ساخت میں بھی تبدیلیاں نوٹ کیں۔ ایسے چوہوں کے دماغ کے وہ حصے سکڑ گئے تھے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ فیصلہ کن سوچ اور منطقی فیصلوں کے عمل میں استعمال ہوتے ہیں۔ اِس کے برعکس اُن کے دماغ کے وہ حصے بڑے اور قوی ہو گئے تھے، جو مخصوص عادات اور میکانکی رویوں کے لئے مخصوص ہیں۔ اِس جائزے کو عام افراد کی روزمرہ زندگی سے لے کر اقتصادیات کے شعبے تک کے لئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔