1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسجدالحرام میں کرین گرنے سے سو سے زائد افراد ہلاک

مقبول ملک12 ستمبر 2015

سعودی عرب کے شہر مکہ میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام کعبہ کے ارد گرد قائم مسجد الحرام میں ایک بہت بڑی کرین گرنے سے کم از کم 107 افراد ہلاک اور سینکڑوں دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GVKu
Saudi Arabien Mekka Moschee Kran Unfall Unwetter
تصویر: picture-alliance/dpa/Ozkan Bilgin

سعودی دارالحکومت ریاض سے ہفتہ بارہ ستمبر کو ملنے والی مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں میں شہری دفاع کے سعودی محکمے کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جمعہ گیارہ ستمبر کی شام مغرب کی نماز کے وقت پیش آنے والے اس سانحے میں اب تک 107 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

سعودی سول ڈیفنس کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا کہ یہ حادثہ مکہ شہر میں چلنے والی تیز رفتار ہواؤں اور ریت کے ایک بڑے طوفان کے دوران پیش آیا، جب مسجدالحرام میں نصب کردہ ایک بہت بڑی کرین اچانک گر پڑی اور مسجد کے احاطے میں موجود ہزاروں افراد میں سے بہت سے اس عظیم الجثہ فولادی ڈھانچے کی زد میں آ گئے۔

Saudi Arabien Mekka Moschee Kran Unfall Unwetter
تصویر: picture-alliance/dpaSaudi TV

اس سانحے کے بعد سوشل میڈیا پر تیز رفتاری سے گردش کرنے والی تصویروں میں حادثے کی جگہ کے علاوہ وہاں جگہ جگہ پھیلا ہوا عبادت گزاروں کا خون بھی دیکھا جا سکتا تھا۔ دیگر رپورٹوں کے مطابق طوفان کے نتیجے میں گرنے والی کرین ایک چھت پر گری، جس کے گر جانے کی وجہ سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔

مکہ اور اس کے بعد مدینہ دونوں ہی دنیا بھر میں مسلمانوں کے دو سب سے زیادہ مقدس مقامات ہیں، جہاں مختلف ملکوں سے مسلمان ہر سال لاکھوں کی تعداد میں جاتے ہیں۔ اس سال بھی حج کی ادائیگی کے لیے مجموعی طور پر قریب تین ملین مسلمان مکہ کا رخ کریں گے اور ان کی اکثریت آئندہ چند دنوں میں مکہ پہنچنا شروع ہو جائے گی۔