1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسلمانوں کے بعد اب مسیحی انتہاپسندوں پر بھی فرد جرم

1 اپریل 2010

امریکی حکومت نے ایک غیر معروف مسیحی انتہاپشسند تنظیم کے نو افراد پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ امریکی وفاقی استغاثہ کے مطابق یہ ملیشیا گروپ حکومت کے خلاف جنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

https://p.dw.com/p/Mjbj
تصویر: AP

ایک مسیحی ملیشیا کے نو اراکان کے خلاف حکومت کی اتھارٹی کو چیلنج کرنے کا الزام ہے۔ مشی گن ریاست کے مشرقی ضلع ڈیٹرائٹ کی وفاقی عدالت میں آٹھ مردوں اور ایک خاتون کے خلاف الزامات پر گرانڈ جیوری نے بحث کا عمل شروع کردیا ہے۔ یہ نو افراد اُس مسیحی ملیشیا کے رکن ہیں، جو ہوتاری (Hutaree ) کہلاتی ہے۔

اِس استغاثہ کے مطابق یہ گروپ مشی گن پولیس کے ایک افسر کو ہلاک کرنے کے بعد اُس کے جنازے کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ وفاقی استغاثہ کے مطابق گروپ کے افراد کو یقین تھا کہ یہ ابتدائی حملہ ایک ملک گیر کارروائی کے لئے عمل انگیز ثابت ہو سکتا ہے۔ پہلے حملے کے بعد حکومت کے خلاف مزید پرتشدد کارروائیوں کا آغاز ممکن تھا۔

امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی نے آٹھ افراد کو گزشتہ ہفتے کے دوران مشی گن، اوہائیو اور الی نوائے کی ریاستوں کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ نویں افراد کی گرفتاری ٹیلی فون ریکارڈ شدہ پیغامات کے ذریعے کی گئی۔ اُس کو ایک گھر کے اندر سے لاؤڈ اسپیکرز پر ہدایت دے کر باہر لاکر حراست میں لیا گیا۔ اِن افراد پر مختلف الزامات عائد کئے گئے ہیں، جن میں شر انگیزی، حکومت کے خلاف سازش، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی کوشش وغیرہ شامل ہیں۔

Eric Holder Bildergalerie Kabinett
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈرتصویر: AP

ہوتاری گروپ کی ویب ساسٹ سے پتا چلتا ہے کہ ہوتاری کا مطالب مسیحی جنگجو ہے۔ اِس گروپ کا قیام سن 2008ء مشی گن ریاست کے ادریان قصبے میں لایا گیا تھا۔ یہ گروپ قیامت سے پہلے کی آخری جنگ کی ابتداء کرکے اُس شہادت کو زندہ جاوید بنانے کی خواہش رکھتا ہے کہ حضرت عیسیٰ با حیات ہیں۔ اپنے مقصد کے لئے یہ گروپ مقدس بائبل کے باب یوحنا کی ایک آیت کو ریفرنس کے طور پر پیش کرتا ہے کہ عظیم محبت یہ ہے کہ ایک انسان اپنے دوستوں کے لئے اپنی جان پیش کردے۔

ہوتاری گروپ کا رہنما مشی گن ریاست کا ایک شخص ڈیوڈ برائن اسٹون ہے، جو کلیٹن شہر کا رہائشی ہے اور وہ بھی اُن افراد میں شامل ہے جو گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کے مطابق گرفتاریوں سے اُس خطرناک تنظیم کو شدید نقصان پہنچا ہے جو دولت کے حصول کے لئے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں جنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔

استغاثہ کے مطابق ہوتاری گروپ اپنی پرتشدد کارروائیوں کے سلسلے میں مشی گن کے جنگلوں میں فوجی مشق بھی شروع کرچکا تھا۔ اس تربیت میں کارکنوں کو بتایا گیا کہ بندوق سے نشانہ کیسے لگایا جاتا ہے اور بم کی تنصیب اور اُس کو اڑانے کا عمل کس طرح مکمل ہوتا ہے۔ دوران تفتیش گروپ کے لیڈر ڈیوڈ اسٹون ے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اُن پولیس والوں کی نشاندہی کی جا چکی تھی، جن کو ہوتاری گروپ کی جانب سے نشانہ بنانا مقصود تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل