1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مسٹر یورو‘ امسالہ کارل پرائز کے حقدار

2 جون 2011

یورپی مرکزی بینک کے صدر ژاں کلود تریشے کو اُن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے سبب انہی صلاحیتوں کی وجہ سے آج انہیں جرمنی کے تاریخی شہر آخن میں مشہور زمانہ بین الاقوامی کارل پرائز سے نوازا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Stl
یورپی مرکزی بینک کے سربراہ ژاں کلود تریشےتصویر: dpa/DW-Fotomontage

یورپی مرکزی بینک کے صدر ژاں کلود تریشے کو ایک آزاد سوچ کا حامل ایک ایسا شخص سمجھا جاتا ہے، جو اپنے فیصلوں پر قائم رہنے اور اپنی بات منوانے کی بھرپور قوت رکھتا ہے۔ ایک بینکر کی حیثیت سے وہ کبھی بھی کسی سیاسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے۔ سب سے بڑھ کر انہیں ’مسٹر یورو‘ کہا جاتا ہے۔

فرانسیسی نژاد ژاں کلود تریشے 2003ء سے یورپی سینٹرل بینک کی سربراہی کر رہے ہیں۔ تب سے وہ یورپی کرنسی یورو کے استحکام کے لیے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔ اس مقصد میں کامیابی ہمیشہ سے ایک دشوار معاملہ رہا ہے۔ تاہم یورپی مرکزی بینک نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یورپ میں پائے جانے والے قرضوں کے بحران کے باوجود وہ یورو کے استحکام کو نہایت سنجیدگی سے لیتا ہے۔ تریشے نے یہی دلائل اپریل میں امریکہ کے فیڈرل ریزرو کہلانے والے مرکزی بینک کی طرف سے سود کی شرح میں اضافے کے اعلانات سے پہلے بھی دیے تھے۔ انہوں نے کہا تھاث’ہم تیل اور خام مال کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں لا سکتے۔ تاہم ہم یہ کوشش کر سکتے ہیں کہ ان کی وجہ سے دیگر اشیاء کی قیمتیں نہ بڑھیں اور مہنگائی میں اضافے کا باعث نہ بنیں۔ اس لیے ہم نہایت چو کنا ہیں اور حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں‘۔

Banknote in Briefkasten
تریشے نے یورپی کرنسی یورو کے استحکام کے لیے بہت کام کیا ہےتصویر: fotolia

یورپی مشترکہ کرنسی کے محافظ تریشے کی زبان پر ہر وقت یورو کے استحکام کا ذکر رہتا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ یورپی مرکزی بینک کی آٹھ سالہ سربراہی کے دوران انہیں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ تاہم گزشتہ برس 9 مئی کو یورپی مرکزی بینک کی طرف سے مالیاتی بحران کے شکار ملک یونان کے حکومتی بانڈز خرید نے کے اعلان کے بعد چند حلقوں کی طرف سے اس اقدام کو تنقید کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا۔ اس کے نتیجے میں تریشے پر ایک طرف تنقید اور دوسری جانب کام کا بوجھ بھی بڑھتا گیا۔ تب بھی انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے یورپی مرکزی بینک پر لوگوں کا اعتماد بحال کرنے اور اس کی ساکھ کو مزید بہتر بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس بارے میں جرمنی کے مشہور الائنس گروپ کے قومی اقتصادیات کے شعبے کے سربراہ میشائل ہائیسے کہتے ہیں’ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ افراط زر کے دھچکوں کے باوجود طویل المدتی بنیادوں پر افراط زر کو قابو میں رکھا جا سکے گا۔ یہ امر تریشے کی مہارت اور قابلیت کا کھلا ثبوت ہے جن کی پالیسیوں نے مہنگائی پر قابو پائے رکھنے اور یورو کے استحکام میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے‘۔

1942ء میں فرانسیسی شہر لیوں میں پیدا ہونے والے ژاں کلود تریشے کی یورپی مرکزی بینک کے سربراہ کے طور پرعہدے کی میعاد اس سال موسم خزاں میں پوری ہو جائے گی۔

رپورٹ: کشور مصطفٰی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں