1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مسیحیوں کے گھر جلانے والے ملزمان باعزت بری

29 جنوری 2017

پاکستان میں اُن ایک سو پچپن افراد کوباعزت بری کر دیا گیا ہے، جن پر الزام تھا کہ انہوں نے لاہور میں واقع ایک مسیحی کالونی کو نذر آتش کیا تھا۔ عدالت کے مطابق ناکافی شواہد کی بنیاد پر انہیں بری کرنے کا حکم سنایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Wabq
Symbolbild Christenverfolgung
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Akber

خبر رساں ادارے اے پی نے وکیل صفائی غلام مرتضیٰ کے حوالے سے آج انتیس جنوری بروز اتوار بتایا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج چوہدری اعظم نے عینی شاہدین کی کمی کی وجہ سے ایسے ایک سو پچپن ملزمان کو بری کر دیا ہے، جن پر الزام تھا کہ انہوں نے مارچ سن دو ہزار تیرہ میں لاہور میں واقع مسیحیوں کی جوزف کالونی کے سینکڑوں مکانات کو نذر آتش کیا تھا۔

توہین رسالت کا الزام: لاہور میں مسیحی برادری کے کئی گھر نذر آتش

سانحہ بادامی باغ، سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا ذریعہ

مسیحی جوڑے کا قتل، پانچ مجرموں کو موت کی سزا

وکیل استغاثہ وقار بھٹی نے اس عدالتی فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف اپیل کریں گے۔ اس مسیحی کالونی کو مشتعل ہجوم کی طرف سے نذر آتش کرنے کا یہ واقعہ دو ہزار تیرہ میں اس وقت رونما ہوا تھا، جب ایک مسیحی پر توہین رسالت کا الزام کیا گیا تھا۔

یہ الزام عائد کیے جانے کے بعد مشتعل شہریوں کے ایک بے قابو ہجوم نے بادامی باغ کے علاقے میں مقامی مسیحی باشندوں کے کئی گھروں کو نذر آتش کرنے کے علاوہ متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔

In der Großstadt Lahore im Osten Pakistans hat eine aufgebrachte Menschenmenge dutzende Häuser von Christen in Brand gesetzt
مارچ سن دو ہزار تیرہ میں لاہور میں واقع مسیحیوں کی جوزف کالونی کے سینکڑوں مکانات کو نذر آتش کر دیا گیا تھاتصویر: Arif Ali/AFP/Getty Images

اس واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی کیونکہ جوزف کالونی کے مسیحی ممکنہ حملوں کے پیش نظر پہلے ہی اپنے گھر چھوڑ کر جا چکے تھے۔ پنجاب حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ افراد کی نہ صرف مالی امداد کی تھی بلکہ ان کے گھروں کی تعمیر نو میں بھی مدد فراہم کی تھی۔

پاکستان میں اسلام یا پیغمبر اسلام کی توہین مروجہ ملکی قوانین کی رو سے ایک سنگین جرم ہے جس کی پاداش میں جرم ثابت ہونے پ‍ر موت کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔

دوسری طرف پاکستان زیادہ تر سنی مسلم آبادی والا ایک ایسا ملک ہے، جہاں دیگر مذاہب کے بہت سے پیروکار بھی آباد ہیں مگر جہاں توہین رسالت کے مبینہ الزامات اکثر ثابت نہیں ہوتے اور ملک کی مسیحی مذہبی اقلیت ایسے الزامات کو اکثر شک و شبے کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔