1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقی افغان شہروں میں طالبان کے حملے

21 جولائی 2009

مشرقی افغانستان میں کئی سرکاری عمارات پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملوں میں متعدد سیکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Iuaj
افغانستان میں عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہےتصویر: AP

خودکش حملہ آوروں اور مسلح افراد کے ایک گروپ نے چار اہم مقامات پر یہ حملے کئے۔ ان مقامات میں صوبائی گورنر کا گردیز شہر میں واقع دفتر بھی شامل ہے۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق ان حملوں میں متعدد سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحد کے قریب واقع افغان شہر جلال آباد میں نیٹو فورسز کے ایک ایئر بیس کے قریب ایک عسکریت پسند کو ہلاک کر دیا۔

افغان شہر گردیز میں عسکریت پسندوں نے گورنر ہاؤس کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس سربراہ کے دفتر اور خفیہ ادارے کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔

ایک مقامی تاجر نے ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’میں اپنی دوکان میں تھا۔ اچانک میں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی، اس کے ساتھ ہی فائرنگ کی آواز بھی آنے لگی۔میں نے دیکھا کہ پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔‘‘

عینی شاہدین کے مطابق دو عسکریت پسند برقعوں میں ملبوس تھے اور انہوں نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ افغان وزارت دفاع نے گردیز میں حملہ آوروں کی تعداد چار بتائی ہے۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دو عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی جب کہ دو نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ وزارت دفاع نے ہلاک ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد نہیں بتائی۔


حالیہ کچھ عرصے کے دوران طالبان کی جانب سے تقریباً اسی طرح کے حملے دیکھنے میں آ رہے ہیں، جن میں عسکریت پسند برقعوں میں ملبوس ہوتے ہیں، اہم مقامات تک رسائی کے بعد وہاں اچانک فائرنگ شروع کر دیتے ہیں اور ایسے میں ان کا کوئی خودکش ساتھی اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیتا ہے۔

افغانستان میں رواں برس اگست میں صدارتی انتخابات ہونے ہیں۔ ان انتخابات سے قبل ایک طرف تو نیٹو افواج جنوبی صوبے ہلمند میں عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑے معرکے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف شدت پسندوں کے حملوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ چند دنوں میں افغانستان میں عسکریت پسندوں نے کئی مقامات پر نیٹو اور مقامی فورسز پر حملے کئے، جن میں غیر ملکی فوجیوں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی