1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشہور امریکی مصنف کا پورے صفحے کا ٹرمپ مخالف اخباری اشتہار

مقبول ملک اے پی
24 جون 2017

جرائم کے موضوع پر بہت کامیاب ناول لکھنے والے مشہور امریکی مصنف ڈون وِنسلو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نامزد کردہ اٹارنی جنرل جیف سیشنز کے خلاف اخبار نیو یارک ٹائمز میں پورے ایک صفحے کا بہت تنقیدی اشتہار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2fK6w
منشیات اور جرائم کے موضوع پر ناول لکھنے والے بیسٹ سیلر امریکی مصنف ڈون ونسلوتصویر: picture-alliance/Ropi/B. Murialdo

امریکی شہر نیو یارک سے ہفتہ چوبیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ڈون وِنسلو (Don Winslow) امریکا کے ایک سرکردہ مصنف ہیں، جو جرائم کے موضوع پر لکھے گئے اپنے متعدد ناولوں کی وجہ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔

Jeff Sessions USA
امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنزتصویر: Getty Images/S.Loeb

وِنسلو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں نئی امریکی انتظامیہ کی اعلان کردہ منشیات کے خلاف جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کثیر الاشاعت روزنامے نیو یارک ٹائمز میں ایک ایسا پورے صفحے کا اشتہار دیا ہے، جو کل اتوار پچیس جون کو شائع ہو گا۔

ڈون وِنسلو نے، جو ’دا کارٹیل‘ (The Cartel) کے عنوان سے لکھے گئے ایک بہت ہی کامیاب ناول کے مصنف بھی ہیں، اپنے اس اشتہار میں صدر ٹرمپ اور امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کو ’’پریشان کن حد تک لاعلم‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ جانتے ہی نہیں کہ منشیات کے کاروبار اور جرائم کی حقیقی وجوہات کیا ہوتی ہیں اور ان پر کیسے قابو پایا جانا چاہیے۔

میکسیکو کا بدنام زمانہ ڈرگ لارڈ ’چھوٹا‘ اب امریکی جیل میں

’ایل چاپو‘ پھر چکمہ دے گیا

شام کے بعد دنیا کا دوسرا خونریز ترین ملک میکسیکو

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیو یارک ٹائمز میں پورے ایک صفحے کے اس اشتہار میں اوپر وِنسلو کی ایک ایسی ٹوئٹ شائع کی گئی ہے، جو انہوں نے صدر ٹرمپ کے نام لکھی تھی اور اس کے نیچے اس اشتہار میں ڈون وِنسلو کا پورا ایک مضمون شائع کیا گیا ہے، جو قارئین کل اتوار کے روز پڑھ سکیں گے۔

Donald Trump Statement Schießerei in Alexandria
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپتصویر: picture-alliance/Y. Gripas

بہت زیادہ پڑھے جانے والے ناول نگار ڈون وِنسلو زیادہ تر منشیات کے کاروبار اور جرائم کے موضوع پر جن کئی تصنیفات کے مصنف ہیں، ان میں سے سب سے مشہور ناول ’دا کارٹیل‘ 2015ء میں شائع ہوا تھا۔ اس ناول میں میکسیکو کے مشہور ڈرگ لارڈ ’ایل چاپو‘ کے ساتھ مماثلت رکھنے والے ایک ایسے مافیا سربراہ کو موضوع بنایا گیا ہے، جو ایک جیل سے فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جیسے ہی یہ ناول شائع ہوا، اصلی ’ایل چاپو‘، جو اس وقت جیل میں تھا، فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ تاہم اسے بعد میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

وِنسلو نے صدر ٹرمپ اور امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کی منشیات سے متعلق جس حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اس کے تحت سیشنز یہ چاہتے ہیں کہ امریکا میں قانونی پالیسی کے طور پر ایک بار پھر منشیات سے متعلقہ جرائم کے مرتکب افراد کو جیلوں میں بہت طویل قید کی سزائیں سنائی جانا چاہییں۔