1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح کی ‘کیپٹن اننگز‘، ابو ظہبی ٹیسٹ ڈرا

24 نومبر 2010

پاکستانی کپتان مصباح الحق کی سخت مزاحمت کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہو گیا ہے۔ اس طرح دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/QH4w
مصباح الحقتصویر: AP

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں شخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق اور اظہر علی کی محتاط اور ذمہ درانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان دوسرا ٹیسٹ بھی برابر کرنے میں کامیاب ہو گیا، مصباح اٹھاون جبکہ اظہرعلی اٹھائیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 354 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگزمیں کُل 67 اوورز کھیلے اور تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

پانچویں دن کے آغاز پر جب جنوبی افریقہ نے گزشتہ دن کے سکور 173 چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو مارک باؤچر جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

یوں پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لئے 354 کا ہدف ملا۔ پاکستان نے جب اس ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ایک مرتبہ پھر پاکستانی اوپنرز نے بہتر آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنائے تاہم محمد حفیظ اور توفیق عمر کے بعد محمد یونس خان کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔

Kricket Jacque Kallis
ژاک کیلس ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑٰ قرار پائےتصویر: AP

ایسے وقت میں ناتجربہ کار کھلاڑی اظہرعلی کا ساتھ دینے کے لئے کپتان مصباح الحق کریز پر آئے۔ یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد اس وقت معلوم ہو رہا تھا کہ شاید پاکستان یہ میچ ہار جائے لیکن کریز پرموجود دونوں کھلاڑیوں کی ناقابل شکست 87 رنز کی ساجھے داری کی بدولت ایسا نہ ہوا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے دوسری اننگز میں پال ہیرس نے دو جبکہ یوہان بوتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر584 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی تھی جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 434 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔

اس سیریز کا بہترین کھلاڑی ژاک کیلس قرار پائے جبکہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اے بی ڈویلیرز کے حصے میں آیا۔ دو ٹیسٹ میچوں کا پہلا ٹیسٹ بھی مصباح الحق اور یونس خان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ڈرا ہو گیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں